امیر بالاج قتل کیس کی مزید تفصیلات سامنے آگئیں
امیر بالاج قتل کیس کی تفتیش جاری ہے اور اب مزید تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں۔
پولیس کے مطابق بالاج کو قتل کرنے والا شوٹر مظفر مرکزی ملزم کا قریبی آدمی تھا، مظفر بطور گن مین مرکزی ملزم کے بیٹے کی شادی میں شریک رہا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مظفر کو قتل کی واردات انجام دینے کے فوری بعد گولی مارنے پر تفتیش جاری ہے، مظفر کو دانستہ طور پر موقع پر ہی قتل کرایا گیا، زیرِ حراست افراد سے مختلف پہلوؤں پر پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم طیفی بٹ کا رشتے دار بلاول مقتول بالاج کو قتل کرنے والی ٹیم میں شامل تھا، ملزم بلاول کو بھی بیرون ملک سے لانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
واضح رہے کہ 19 فروری کو لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب نجی سوسائٹی میں شادی کی تقریب کے دوران حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے ٹیپو ٹرکاں والا کے بیٹے امیر بالاج ٹیپو کو قتل کر دیا تھا۔