اسپیکر قومی اسمبلی سے اماراتی سفیر کی ملاقات، منصب سنبھالنے پر مبارکباد
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اماراتی سفیر نے ایاز صادق کو اسپیکر قومی اسمبلی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ اماراتی سفیر نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کےلیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان یو اے ای کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور یو اے ای کیساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینےکا خواہاں ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ پاکستان علاقائی ترقی، معاشی استحکام کیلئے تمام ممالک کیساتھ وسیع بنیادوں پر تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔
ایاز صادق نے یو اے ای اسپیکر آف پارلیمنٹ کو پاکستان کے دورہ کی دعوت دی۔
اماراتی سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ دوستانہ و برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پاکستان کی معاشی اور معاشرتی ترقی میں شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں۔ پاکستان میں معاشی مواقع سے اماراتی سرمایہ کار استفادہ کر سکتے ہیں۔
اماراتی سفیر نے کہا پاکستان کی افرادی قوت انتہائی ماہر اور قابل ہے۔ یو اےای کی ترقی میں پاکستان کی افرادی قوت کا کردار قابل رشک ہے۔
انوں نے کہا دونوں ممالک کے پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے دو طرفہ ہم آہنگی میں اضافہ ہوگا۔