کرسٹیانو رونالڈو میوزیم شائقین کیلئے کھل گیا
پرتگالی فٹ بال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے ایک اور کامیابی اپنے نام کر کے ساتھی فٹ بالرز کو پیچھے چھوڑ دیا۔
ان کی یاددشتوں پر مستمل ’سی آر 7 میوزیم‘ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں شائقین کے لیے کھول دیا گیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق مانچسٹر یونائیٹڈ کے سابق اسٹار فٹ بالر نے ’سی آر 7 میوزیم‘ کا دورہ کیا، جس کی ویڈیو و تصاویر میوزیم کے آفیشل سوشل میڈیا پیج پر بھی شیئر کی گئی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹرایکٹو میوزیم میں النصر کلب کی نمائندگی کرنے والے لیجنڈری اسٹار فٹ بالر کے کیریئر کے آغاز سے اب تک کی تمام کامیابیوں سے جڑی یادگاری اشیاء جیسے مختلف میچز میں پہنی گئی جرسیاں، جوتے اور حاصل کیے اعزازات رکھے گئے ہیں۔
میوزیم میں داخل ہونے پر لوگوں کو کرسٹیانو رونالڈو کا مومی مجسمہ خوش آمدید کہتا ہے۔
میوزیم کے سوشل میڈیا پیج پر شیئر کی گئی پوسٹ کے کیپشن میں رونالڈو کی جانب سے لکھا گیا ہے کہ یہ میری کہانی ہے، مدیرا (رونالڈو کے آبائی علاقے) سے سعودی عرب تک کا سفر میرا خصوصی سی آر 7 میوزیم اب ریاض میں کھل گیا ہے۔
میوزیم میں رونالڈو کے انعامات اور شرٹس سمیت ان کے کارناموں کی نمائش دیکھنے کے لیے شائقین کا تانتا بندھ گیا ہے۔
خیال رہے کہ اس عجائب گھر کا افتتاح ریاض سیزن کے ایک حصے کے طور پر کیا گیا ہے جبکہ اس سیزن کی مختلف تقریبات ریاض میں 12 مقامات پر منعقد ہو رہی ہیں۔
ان تقریبات میں دنیا بھر سے مشہور شخصیات کے کنسرٹ، تھیٹر شوز، عالمی ثقافتیں اور مختلف بین الاقوامی ریستوران کھانوں کو پیش کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ فٹبال لیجنڈ کرسٹیانو رونالڈو کے آبائی ملک پرتگال میں بھی ان کا ایک میوزیم موجود ہے۔