:معروف بزنس مین چوہدری عزیز امرہ کا گرینڈ افطار ڈنر،قونصل جنرل مراد علی وزیر کی شرکت
بارسلونا: بارسلونا میں مقیم معروف پاکستانی بزنس مین ڈائریکٹر امرہ گروپ آف کمپنیز چوہدری عزیز امرہ نے قرطبہ ریسٹورنٹ کائیے قرطبہ پر گرینڈ افطار ڈنر کا اہتمام کیا جس میں قونصل جنرل مراد علی وزیر نے خصوصی شرکت کی،افطار ڈنر میں چوہدری عزیز امرہ کے عزیز واقارب کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی،
چوہدری عزیز امرہ،چوہدری شاہد لطیف گجر اور دیگر نے تمام مہمانوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کرکے خوش آمدید کہا،بارسلونا میں ایک بڑا افطار ڈنر جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی اور محبت ویگانگت کا مظاہرہ کیا۔
افطار ڈنر میں یوم پاکستان کے حوالہ سے گفتگو کی گئی جس کا آغاز معروف سماجی وسیاسی شخصیت حافظ عبدالرزاق صادق نے کیا،میزبان چوہدری عزیز امرہ نے تقریب میں شریک تمام افراد کا شکریہ ادا کیا اور یوم پاکستان کی مناسبت سے کہا کہ آج کا دن ہمارے لئے بہت اہمیت کا دن ہے آج کے دن ہمارے بزرگوں نے پاکستان کی بنیاد رکھی ،انہوں نے کہا کہ لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے بزرگوں نے جیسا خواب دیکھا تھا وہ پورا نہیں ہورہا ہمیں عالم اسلام کی رہبری کرنا تھی لیکن ہم اپنے مسائل اور ناعاقبت اندیشی میں پھنس گئے ہیں ،ہم بحیثیت قوم زوال کی جانب جارہے ہیں
قونصل جنرل مراد علی وزیر نے چوہدری عزیز امرہ اور افطارڈنر میں شریک تمام افراد کا شکریہ ادا کیا اور یوم پاکستان کے کے حوالہ سے انہوں نے اس دن کی اہمیت کو بیان کیا اور تاریخی پس منظر پیش کیا،انہوں نے چوہدری عزیز امرہ کی گفتگو کی حمایت کی اور کہا کہ ہمیں اپنے مسائل کا ادراک کرتے ہوئے مشکلات سے باہر نکلنا ہوگا جس کے لئے ہر فرد کو کردار ادا کرنا پڑے گا
آذان مغرب کے ساتھ ہی روزہ افطار کیا گیا قدیر اے خان نے دعاکرائی