پاکستان اور پاک فوج کے خلاف ہونے والے منفی پروپیگنڈےکا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے، ڈاکٹر پرویز اقبال لوسر
کراچی: چئرمین ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ ڈاکٹر پرویز اقبال لوسر نے کہا ہے کہ ہم سب کو مل کر سوشل میڈیا پر پاکستان اور پاک فوج کے خلاف ہونے والے منفی پروپیگنڈےکا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے
انہوں نے یہ بات جامعہ بنوریہ کراچی میں سالانہ کانوکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جامعہ بنوریہ میں ستر ممالک سے تعلق رکھنے والے طلباء دینی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر لوسر نے کہا کہ پاک فوج کے خلاف سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کرنے والوں کو شکست ہوگی کیونکہ یہ عالم اسلام کی فوج ہے پاک فوج یا رسول اللہ کی فوج ہے اور پاک فوج کے اتحاد نے عالم اسلام کا پرچم بلند کیا ہوا ہے۔
انہوں نے اس موقع پر فارغ التحصیل ہونے والے طلباء اور خاص طور پر نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پر بھاری ذمہ داری عائد ہے کہ آپ پوری دنیا میں امن کا پیغام دیں اور تخریبی ذہنوں کو مثبت سوچ کے ساتھ تبدیل کریں۔
ڈاکٹر لوسر نے کہا کہ وہ ہمیشہ یورپین پارلیمنٹ میں امن کی بات کرتے ہیں اور پاکستان و پاک فوج کے خلاف بات کرنے والوں کو یہ بات یاد دلاتے ہیں کہ پاکستان تو خود ہی 9/11 کے بعد سے خاص طور پر دہشت گردی کا شکار رہا ہے اور اب تک اس ناسور کی وجہ سے ستر ہزار سے زیادہ پاکستانی اپنی جانیں دے چکے ہیں اور اربوں ڈالر کا نقصان اٹھایا ہے۔