ٹی ٹوئنٹی کے قومی کھلاڑیوں کا کاکول میں ٹریننگ کا پہلا روز
ٹی ٹوئنٹی کے قومی کھلاڑیوں نے کاکول کیمپ میں پہلے روز دو مراحل میں ٹریننگ کی، ایبٹ آباد میں بارش کے باعث کھلاڑی انڈور فزیکل سرگرمیوں میں مصروف رہے۔
مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کی تیاری کرتے ہوئے فٹنس اور اسٹیمنا معیاری ہوگا، قومی کرکٹرز نے ٹریننگ کیمپ کےلیے آرمی اسکول آف فزیکل ٹریننگ کاکول میں ڈیرے ڈال دیے۔
پہلا ٹریننگ دو مراحل پر مبنی رہا، افطار سے قبل کھلاڑیوں کا ابتدائی لائٹ وارم اپ سیشن ہوا جبکہ افطاری کے بعد کھلاڑیوں نے دوسرا اور اہم ٹریننگ سیشن کا آغاز کیا۔
ایبٹ آباد میں بارش کے باعث کھلاڑی انڈور سرگرمیوں میں مصروف رہے۔ رواں ہفتے ایبٹ آباد میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے لیکن کیمپ بارش سے متاثر نہیں ہوگا کیونکہ پاکستان آرمی کی جانب سے قومی کھلاڑیوں کےلیے انڈور سہولیات تیار ہیں۔
کیمپ روٹین پی سی بی اور آرمی اسکول آف فزیکل ٹریننگ کاکول کے ٹرینرز نے مل کر ترتیب دیا، ٹریننگ کیمپ 8 اپریل تک جاری رہے گا۔
اس سے پہلے بھی قومی ٹیم کی فٹنس کو بہتر بنانے کےلیے 2016 میں آرمی کے زیرنگرانی ٹریننگ کروائی گئی تھی۔
فٹنس کیمپ کے بعد کھلاڑیوں نے دورہ انگلینڈ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ پہلے ٹیسٹ میں فتح کے بعد کھلاڑیوں نے "پش اپ” لگا کر آرمی ٹرینرز کو خراجِ تحسین پیش کیا تھا۔