کاکول میں قومی کھلاڑیوں کی ٹریننگ شروع
ٹی ٹوئنٹی سیریز اور ورلڈ کپ کے لیے کاکول کیمپ میں قومی کھلاڑیوں کی ٹریننگ شروع ہو گئی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جمعرات کو ایبٹ آباد کے کاکول میں فٹنس کیمپ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کی تصاوری اور ویڈیو شیئر کی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ قومی ٹیم کے کھلاڑی ٹریننگ میں مصروف ہیں۔
کاکول کے آرمی اسکول آف فزیکل ٹریننگ سینٹر میں پاکستان ٹیم کے ممکنہ کھلاڑی 2 سیشن میں ٹریننگ کر رہے ہیں۔
پہلا سیشن افطار سے قبل ہوتا ہے، جس میں کھلاڑیوں نے سائیکلنگ کی، بیڈ منٹن کھیلا اور ٹریک پر رننگ بھی کی۔
افطار کے بعد فلڈ لائٹس میں کرکٹرز کو آرمی ٹرینر کی زیر نگرانی مختلف ڈرلز بھی کروائی جا رہی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ٹی ٹوئنٹی کے قومی کھلاڑیوں نے کاکول کیمپ میں پہلے روز دو مراحل میں ٹریننگ کی، ایبٹ آباد میں بارش کے باعث کھلاڑی انڈور فزیکل سرگرمیوں میں مصروف رہے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی قومی ٹیم کی فٹنس کو بہتر بنانے کے لیے 2016ء میں آرمی کے زیر نگرانی ٹریننگ کروائی گئی تھی۔
فٹنس کیمپ کے بعد کھلاڑیوں نے دورۂ انگلینڈ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ پہلے ٹیسٹ میں فتح کے بعد کھلاڑیوں نے ’پش اپ‘ لگا کر آرمی ٹرینرز کو خراجِ تحسین پیش کیا تھا۔