Screenshot
بارسلونا کے ایل پرات ایئرپورٹ پر منگل 4 اگست سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع ہونے جا رہی ہے، جس کے باعث موسمِ گرما کے مصروف ترین دنوں میں پروازوں میں تاخیر کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
CGT یونین کے گراؤنڈ فورس بارسلونا یونٹ نے اعلان کیا ہے کہ وہ گراؤنڈ ہینڈلنگ، چیک اِن، بورڈنگ اور فلائٹ کوآرڈینیشن سے متعلق عملے کی ہڑتال شروع کر رہے ہیں۔ یہ کمپنی ٹرمینل T1 اور T2 میں متعدد ایئرلائنز کو خدمات فراہم کرتی ہے۔
یونین کے مطابق ہڑتال کا فیصلہ اس وقت کیا گیا جب کمپنی نے ملازمین کے ساتھ مذاکرات سے انکار کر دیا۔ CGT کا کہنا ہے کہ یہ اقدام “محفوظ اور باوقار کام کے ماحول” کے مطالبے کے لیے ناگزیر ہو گیا ہے۔
یونین نے الزام عائد کیا ہے کہ گراؤنڈ فورس میں عملے کی کمی کے باعث کام کا بوجھ ناقابلِ برداشت حد تک بڑھ چکا ہے، جس سے ملازمین پر شدید دباؤ، زیادہ اوور ٹائم اور غیر منظم نظامِ کار پیدا ہو گیا ہے۔ اس کے علاوہ نئے ملازمین کی ناکافی تربیت اور آرام کے مناسب وقفوں کی کمی پر بھی شدید تنقید کی گئی ہے۔
اگرچہ یونین نے مسافروں کو پیش آنے والی ممکنہ مشکلات پر افسوس کا اظہار کیا ہے، تاہم ان کا کہنا ہے کہ ملازمین کی حفاظت اور صحت ایک “ناقابلِ سمجھوتہ حق” ہے۔
گراؤنڈ فورس بارسلونا مختلف بڑی ایئرلائنز جیسے Air Europa، Lufthansa، Air France، KLM، Qatar Airways، Turkish Airlines، United Airlines اور دیگر کو زمینی خدمات فراہم کرتی ہے۔ اس لیے ہڑتال کے اثرات وسیع پیمانے پر محسوس کیے جا سکتے ہیں۔
ابھی تک کسی مخصوص پرواز کی منسوخی یا بڑے پیمانے پر تاخیر کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم خدشہ ہے کہ اگر ہڑتال میں زیادہ ملازمین شامل ہوئے تو چیک اِن، سامان کی ہینڈلنگ اور بورڈنگ کے عمل میں نمایاں رکاوٹیں پیدا ہو سکتی ہیں۔
ایئرپورٹ حکام اور Aena نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سفر سے قبل اپنی پرواز کی صورتحال ضرور چیک کریں اور ممکنہ تاخیر کے لیے تیار رہیں، خاص طور پر ان ایئرلائنز کے ساتھ جو گراونڈ فورس کی خدمات استعمال کرتی ہیں۔
