بارسلونا (پریس ریلیز)پاکستان تحریک انصاف اسپین کے زیر اہتمام آج بارسلونا میں سابق وزیرِاعظم عمران خان کی رہائی، پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی و مقامی قیادت اور ہزاروں کارکنان کے خلاف قائم مقدمات، گرفتاریوں اور قید و بند کی صعوبتوں کے خلاف، نیز آزاد کشمیر میں عوام کی جانب سے بنیادی حقوق کے مطالبے پر طاقت کے استعمال، چادر اور چار دیواری کے تقدس کی خلاف ورزی اور پاکستان و آزاد کشمیر میں جاری فسطائیت کے خلاف ایک بھرپور احتجاجی مظاہرہ منعقد ہوا۔ مظاہرے کی صدارت صدر پاکستان تحریک انصاف اسپین محمد شہباز ملک نے کی۔

احتجاجی مظاہرے میں بارسلونا اور گرد و نواح میں مقیم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کے خواتین و حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکا نے عمران خان سے اپنی وابستگی اور آزاد کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا۔
احتجاجی مظاہرے کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت محمد شوکت اویسی نے حاصل کی جبکہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سعادت محمد شوکت اویسی نے حاصل کی-

احتجاجی مظاہرے میں نظامت کے فرائض سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی اسپین چوہدری عبدالصبور نے ادا-
حتجاجی مظاہرے میں آزاد کشمیر کے شہداء کی ارواح کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ شرکا نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، زخمیوں کو جلد صحتِ کاملہ نصیب کرے اور متاثرہ خاندانوں کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

مظاہرے کے دوران شروع سے آخر تک بارسلونا کی فضا "رہا کرو، رہا کرو، عمران خان کو رہا کرو”، "عمران خان زندہ باد”، "آزاد کشمیر میں ظلم بند کرو” اور جمہوریت و آزادی کے حق میں فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔ اس موقع پر عمران خان سے محبت اور آزاد کشمیر کے عوام سے اظہارِ یکجہتی پر مبنی ترانے بھی نشر کیے گئے، جنہوں نے شرکا کے جذبے اور جوش و خروش میں مزید اضافہ کیا۔

مظاہرے کے شرکا نے مطالبہ کیا کہ:
عمران خان اور بشریٰ بی بی کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی کی صحت کا آزاد اور شفاف طبی معائنہ کروایا جائے۔
سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری سمیت پاکستان تحریک انصاف کی تمام قیادت اور کارکنان کے خلاف قائم مقدمات واپس لیے جائیں اور انہیں فوری رہا کیا جائے۔

جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف درج مقدمات بھی فوری طور پر ختم کیے جائیں اور تمام بے گناہ افراد کو رہا کیا جائے۔
مقررین نے اپنے خطابات میں پاکستان اور آزاد کشمیر میں جاری صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں آئین، قانون کی حکمرانی اور جمہوری اقدار کی بحالی ناگزیر ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عدلیہ اور میڈیا کو مکمل آزادی فراہم کی جائے اور تمام ریاستی ادارے آئین کے مطابق اپنی اپنی آئینی حدود میں رہ کر فرائض انجام دیں، کیونکہ اسی صورت میں ملک میں سیاسی استحکام، معاشی ترقی اور عوام کا اعتماد بحال ہو سکتا ہے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت دہشت گردی، مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی مشکلات جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔ ان حالات میں قومی یکجہتی، آئین کی بالادستی اور جمہوری عمل کا فروغ ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانی اور کشمیری ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور ہر سال اربوں ڈالر کی ترسیلاتِ زر کے ذریعے قومی معیشت کو سہارا دیتے ہیں۔ اس لیے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں کی آواز اور مطالبات کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے تاکہ ملک میں سیاسی استحکام، قومی یکجہتی اور ترقی کی راہ ہموار ہو سکے۔

مقررین میں صدر پاکستان تحریک انصاف اسپین محمد شہباز ملک،ایم پی اے پاکستان تحریک انصاف پی پی 28 گجرات چوہدری شاہد رضا کوٹلہ،چیئرمین پی ٹی آئی اسپین سید ذوالقرنین شاہ،سیکریٹری وومن ونگ و سینئر راہنما پی ٹی آئی اسپین ڈاکٹر ہما جمشید،نائب صدر پی ٹی آئی اسپین سید فخر عباس شاہ،سینئر راہنما پی ٹی آئی اسپین چوہدری عاطف ظہیر،پی ٹیآئیاسپین کے سینئر راہنما چوہدری عبدالغفار مرہانہ،’احسان الوہاب خان،چوہدری ناصر جیوونجل،قمر بٹ جاتریہ،کشمیری راہنما راجہ جاوید،راجہ ولید اور دیگر شامل تھے-

احتجاجی مظاہرے کے اختتام پر پاکستان، آزاد کشمیر، جمہوریت، انسانی حقوق اور عوامی آزادیوں کے حق میں دعا کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر میں آئین، قانون کی حکمرانی اور بنیادی انسانی حقوق کی بحالی تک پرامن جمہوری جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
