وزیر اعظم شہباز شریف سے اے پی این ایس کے وفد کی ملاقات

وزیراعظم نے اے پی این ایس وفد کو معیشت بحالی کی کوششوں اور حکمت عملی سے آگاہ کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف سے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے اے پی این ایس کے نو منتخب پینل کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک کی باگ ڈور بہت مشکل حالات میں سنبھالی ہے، معیشت کی بحالی ہمارا سب سے بڑا چیلنج اور حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم نے اے پی این ایس وفد کو معیشت بحالی کی کوششوں اور حکمت عملی سے آگاہ کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ محصولات کی وصولی کا نظام جدید بنانے کیلئے لائحہ عمل تیار کیا جارہا ہے، ایف بی آر کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن کی جارہی ہے، ٹیکس بیس بڑھایا جارہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ 2 ہزار ارب روپے سے زائد کے محصولات کے مقدمات عدالتوں اور ٹربیونلز میں زیر التواء ہیں، اربوں روپے کی بجلی چوری کی روک تھام کےلیے اقدامات کیے جارہے ہیں، حکومتی ملکیتی اداروں کی نجکاری، ادارہ جاتی اصلاحات، کفایت شعاری حکومتی ترجیحات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر اخراجات میں کمی کےلیے کمیٹی بنادی جو جلد سفارشات دے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پریس یقینی طور پر ریاست کا چوتھا ستون ہے، گڈ گورننس یقینی بنانے اور عوام کو آگاہی کی فراہمی میں میڈیا کا کلیدی کردار ہے، آج کے ڈیجیٹل دور میں بھی پرنٹ میڈیا کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ فیک نیوز بہت بڑا چیلنج بن چکی، تدارک کیلئے حکومت اور میڈیا کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، حکومت پریس کی آزادی پر یقین رکھتی ہے اور اس سے متعلق ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، صحافی برادری پاکستان کی ترقی و خوشحالی کےلیے کوششوں میں حکومت کا ساتھ دے۔

وزیراعظم نے وفد کو صحافی برادری کو درپیش تمام مشکلات حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

اے پی این ایس کے وفد میں ناز آفرین سہگل، سرمد علی، مجیب الرحمٰن شامی، شہاب زبیری، محمد اطہر قاضی، سید منیر جیلانی، محسن بلال، مہتاب خان، فیصل زاہد ملک شامل تھے۔

ملاقات میں وفاقی وزیراطلاعات عطاءاللّٰہ تارڑ اور متعلقہ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے