اللّٰہ کو حاضر و ناظر جان کر کہتا ہوں کسی سےناانصافی نہیں کی: چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ
چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ محمد ابراہیم کا کہنا ہے کہ اللّٰہ کو حاضر و ناظر جان کر کہتا ہوں کہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں کی۔
یہ بات چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس محمد ابراہیم نے کمرۂ عدالت میں ختم القرآن کی تقریب میں کہی ہے۔
ختمِ القرآن کے موقع پر ملک میں امن و خوش حالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ محمد ابراہیم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ مارچ 2021ء میں ختم القرآن با ترجمہ شروع کیا تھا، جسٹس شکیل احمد بھی میرے ساتھ تھے، ہم نے یہ سلسلہ شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ ہمارے ملک کو امن کا گہوارہ بنا دے، ہمارے ملک پر رحم کرے، حالات بہتر کرے، دعا ہے کہ ہمارے ملک میں انصاف کا بول بالا ہو۔
چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ محمد ابراہیم نے کہا کہ کچھ عرصے میں ہزار ایسی درخواستیں سنیں جو دوسرے صوبوں سے آئیں، اللّٰہ کو حاضر و ناظر جان کر کہتا ہوں کہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں کی۔
ان کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق ہم نے درخواست گزاروں کو سنا، جتنے سائلین آئے ہیں، ذمے داری لیتا ہوں کہ میں نے ان کو انصاف دیا ہے، کوئی سمجھتا ہے کہ اس کے ساتھ انصاف نہیں ہوا تو قیامت میں اپنی بہترین نیکی دینے کو تیار ہوں۔
چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ محمد ابراہیم کا مزید کہنا ہے کہ پشاور ہائی کورٹ میں ہمیشہ انصاف ہو گا، یہاں کے جتنے ججز ہیں ان پر مکمل اعتماد ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ امید ہے کہ پشاور ہائی کورٹ میں جو بھی آئے گا اس کو انصاف ملے گا، یہاں آئین و قانون کے مطابق فیصلے ہوتے ہیں۔