کراچی، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ جاں بحق
کراچی میں لیاقت آباد میں ڈاکو پولیس اور رینجرز کی نفری دیکھ کر اپنی موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہوگئے، فرار ہوتے وقت ملزمان نے مسلح سیکیورٹی گارڈ کو گولی ماری جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا۔
ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق کے مطابق لیاقت آباد، بلوچ ہوٹل کے قریب فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوگیا۔
2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ڈاکو واردات کے بعد فرار ہورہے تھے کہ روڈ کے ایک طرف پولیس پکٹ تھی جبکہ دوسری طرف رینجرز کی پکٹ تھی۔
نفری دیکھ 2 ملزمان گلی میں فرار ہوگئے جبکہ 2 ڈاکوؤں کو رینجرز نے رکنے کا کہا تو ملزمان موٹرسائیکل چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
ملزمان کو فرار ہوتے وقت سوسائٹی کا سیکیورٹی گارڈ مسلح کھڑے نظر آیا تو اسے گولی ماری اور فرار ہوگئے، گارڈ گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔
ملزمان کی موٹر سائیکل پولیس نے تحویل میں لیکر موٹر سائیکل کا ریکارڈ حاصل کیا جارہا ہے، فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی تلاش جاری ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں ماہ رمضان میں اسٹریٹ کرائم میں جاں بحق افراد کی تعداد 19 ہوگئی ہے۔
دوسری جانب سرجانی میں شہریوں نے مبینہ ڈاکو پکڑ لیا، تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ کراچی ایڈمن سوسائٹی میں شہری کے ساتھ لوٹ مار کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔
سائٹ ایریا میں فائرنگ سے دو افراد کے جاں بحق ہونے کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر لیا گیا، دونوں افراد اپنے دفتر سے ایک کروڑ پینتیس لاکھ روپے لے کر نکلے تھے اور بینک جا رہے تھے کہ راستے میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر دی اور رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔
سائٹ ایریا میں فائرنگ سے دو افراد کی ہلاکت پر علاقہ مکینوں نے احتجاج بھی کیا، اس کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں سے 2 ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔