اس مشکل وقت میں امت کو زیادہ متحد ہونے کی ضرورت ہے: رض احمد

پاکستانی نژاد برطانوی اداکار رض احمد— فائل فوٹو

پاکستانی نژاد برطانوی اداکار رض احمد نے رواں برس عید کی خوشیوں کو ادھورا قرار دے دیا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر عالمی شہرت یافتہ اداکار نے عید الفطر کے پُرمسرت موقع پر مبارک باد پیش کی ہے۔

انہوں نے انسٹا اسٹوری شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اس بار عید ایک ایسے وقت میں منانا عجیب لگ رہا ہے، جب غزہ میں ہمارے بہت سے بھائی بہنیں سخت ظلم و ستم سے گزر رہے ہیں۔

انہوں نے اس مشکل وقت امتِ مسلمہ کو متحد ہونے پر زور دیتے ہوئے لکھا کہ ہمیشہ کے مقابلے اب متحد ہونے، ایک دوسرے سے قریب ہونے کی زیادہ ضرورت ہے اور اس بات کی ضرورت ہے کہ ہم پہلے سے زیادہ اپنے مقصد کا احساس کریں۔

رض احمد کے مطابق یہ رمضان پوری امت کے لیے پہلے سے زیادہ تکلیف دہ اور دکھ کا سبب بنا ہے، ہمیں ان تمام چیزوں کو ایک بار پھر یاد کرنے کی ضرورت ہے جو بحیثیت مسلمان ہمارے وقار، بنیادی حقوق اور انسانیت کے لیے ضروری ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ اس عید پوری امت آپس میں مزید متحد اور منظم ہو جائے تاکہ پوری امت کے بہتر مستقبل کے لیے منصفانہ اور ٹھوس اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔

اداکار نے اپنے پیغام کے اخر میں اپنے پیاروں سے جڑے رہنے اور ان کا خیال رکھنے پر بھی زور دیا۔

واضح رہے کہ رض احمد پہلے مسلمان اداکار ہیں جنہیں آسکر میں نامزد کیا گیا تھا۔

انہوں نے فلموں میں مسلمانوں کا امیج بہتر کرنے اور زیادہ سے زیادہ مسلمان کردار فلموں میں متعارف کروانے کے لیے ایک فنڈ بھی قائم کیا ہے، جو ایسے فلم سازوں اور مصنفوں کو مالی امداد فراہم کرتا ہے جو اپنی فلموں میں مسلمان کردار شامل کرتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے