سیف علی خان کے 800 کروڑ کے پٹودی محل کی تصویری جھلکیاں

—فائل فوٹو 

بالی ووڈ کے معروف اداکار، پٹودی خاندان کے چھوٹے نواب سیف علی خان کی وجہ شہرت فلم انڈسٹری ہی نہیں بلکہ اُن کی شاہانہ طرزِ زندگی بھی ہے۔

سیف علی خان صرف نام کے ہی نواب نہیں بلکہ ان کا رہن سہن اور رہائش بھی نوابوں والی ہے۔

سیف علی خان اہلیہ، اداکارہ کرینہ کپور اور دو بیٹوں، تیمور علی خان اور جہانگیر علی خان سمیت پٹودی پیلس میں رہائش پذیر ہیں جس کی  مالیت 8 ارب بھارتی روپے (26 ارب پاکستانی روپے سے زائد) ہے۔

پٹودی پیلس کو ابراہیم کوٹھی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، اس پیلس کی تعمیر 1900 کی اولین دہائی میں ہریانہ کے ضلع گورا گاﺅں میں ہوئی تھی۔

پٹودی خاندان کا تاریخی پس منظر تو 200 سال پرانا ہے لیکن اس محل کو بنے ابھی 88 سال ہوئے ہیں، پٹودی محل نواب افتخار علی خان نے بنوایا تھا، جن کے بعد یہ پیلس ان کے بیٹے منصور علی خان کو ملااور بعد ازاں یہ محل سیف علی خان کی ملکیت میں آ گیا۔

بھارتی میڈیا ’ٹائمز آف انڈیا‘ کی ایک رپورٹ مطابق پٹودی پیلس کو دہلی کے شاہانہ محلات کے طرز پر تعمیر کیا گیا ہے جس میں تاحال بالی ووڈ کی متعدد فلموں کی شوٹنگ بھی کی جا چکی ہے جس میں حالیہ فلم ’اینمل‘ بھی شامل ہے۔

مڈیا رپورٹس کے مطابق اس انتہائی پرتعیش محل میں 150سے زائد کمرے ہیں جن میں 7 ڈریسنگ رومز، 7 بیڈ رومز، سات بلیئرڈ رومز، سوئمنگ پول، فارمنگ ایریا، بڑے میدان، گیراج اور گھوڑوں کے لیے اصطبل سمیت ڈائننگ رومز شامل ہیں، یہ محل 10 ایکڑ رقبے پر محیط ہے۔

’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق 100 سے زیادہ ملازم اس محل کی حفاظت اورصاف صفائی کا کام کرتے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اربوں روپے مالیت کا محل سیف علی خان کی جانب سے اپنے بیٹے تیمور علی خان کے نام کر دیا گیا ہے، یہ محل تیمور علی خان کو بالغ ہونے کے بعد ورثے میں ملے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے