میرے ڈرامے کے ڈائیلاگ نے ایک شرابی کی زندگی بدل دی: افتخار ٹھاکر کا انکشاف

اداکار افتخار ٹھاکر ـــ فوٹو اسکرین شوٹ

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف کامیڈین و اداکار افتخار ٹھاکر نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے ایک ڈائیلاگ نے ایک شرابی کی زندگی بدل دی۔

افتخار ٹھاکر نے ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے کافی دلچسپ گفتگو کی۔ 

اُنہوں نے بتایا کہ میں نے ’ناز تھیٹر‘ کے ایک ڈرامے میں پولیس افسر کا کردار ادا کیا تھا تو اس ڈرامے کے ایک سین میں یہ دکھایا گیا تھا کہ میں ایک ہوٹل میں چھاپا مارتا ہوں اور مالک کو ہوٹل کے بیسمنٹ سے پکڑ کر لاتا ہوں۔

اداکار نے بتایا کہ اس ہوٹل کے مالک کو پکڑ کر لانے کے بعد میں نے اسے ڈرامے میں یہ ڈائیلاگ بولا کہ’تمہیں شرم نہیں آتی تم شراب پیتے ہو بلکہ تم شراب بناتے ہو اور اپنے ساتھ ساتھ دوسروں کو بھی پلاتے ہو یعنی خود تو گناہ کرتے ہی ہو ساتھ کئی اور لوگوں کو بھی گنہگار کر رہے ہو، تمہیں یہ بھی معلوم ہے کہ اللّٰہ پاک ہے اور وہ انسان کی شہ رگ سے بھی زیادہ اس کے قریب ہوتا ہے پھر تم یہ کیوں نہیں سوچتے کہ جب تم یہ ناپاک شراب پیتے ہو تو وہ اللّٰہ کی پاک ذات جو تمہارے اتنا قریب ہے اسے کیسا لگتا ہوگا؟‘

اُنہوں نے بتایا کہ یہ صرف ایک ڈارمے کے ڈائیلاگ تھے اور ڈرامہ ختم ہوگیا لیکن اس کا اثر بہت گہرا تھا ایک دن میں ساڑھے دس بجے کے قریب تھیٹر پہنچا تو ریسیپشنسٹ نے مجھے بتایا کہ ایک شخص صبح 6 بجے سے آپ کا انتظار کر رہا ہے۔

افتخار ٹھاکر نے بتایا کہ یہ بات سن کر میں حیران ہوا کہ مجھ سے ملنے کون آگیا پھر وہ شخص ایک شاندار گاڑی میں مجھ سے ملنے کے لیے تھیٹر آیا تھا اور مجھ سے معافی مانگنے لگا تو میں نے اس سے حیرانی سے پوچھا کہ بھائی ہوا کیا ہے؟ جس پر اس نے جواب دیا کہ آپ کا ڈرامہ دیکھا جس میں آپ نے یہ بات کی تھی کہ اللّٰہ پاک ہے اور شراب ناپاک ہے اس سے میری اصلاح ہوئی کیونکہ میں پچھلے 20 سالوں سے شراب پی رہا ہوں کیونکہ اگر میں نہیں پیتا تو مجھے نیند نہیں آتی لیکن آپ کا ڈرامہ دیکھنے کے بعد میں پوری رات جاگتا رہا اور اللّٰہ سے معافی مانگتا رہا۔

اُنہوں نے بتایا کہ اس شخص کی بات سننے کے بعد میں نے اس سے کہا کہ یہ تو آپ کا اور اللّٰہ کا معاملہ ہے میرا تو اس معاملے سے کوئی تعلق ہی نہیں ہے میں نے ڈرامے میں وہ ڈائیلاگ بولے جو اسکرپٹ میں لکھے ہوئے تھے تو  پھر آپ اس طرح مجھ سے کیوں معافی مانگ رہے ہیں۔

اداکار نے بتایا کہ میری بات سن کر اس شخص نے کہا کہ آپ کے ڈائیلاگ سن کر مجھے اپنی غلطی کا احساس ہوا اس لیے اپنے دل کو مطمئن کرنے کے لیے میں نے آپ سے معافی بھی مانگی لی۔

اُنہوں نے کہا کہ اب دیکھیں میں کوئی دین کی تبلیغ نہیں کر رہا تھا بلکہ میں نے صرف ڈرامے میں لکھے ہوئے ڈائیلاگ بولے جس کی وجہ سے ایک انسان کی زندگی سنور گئی تو یہ خوشی کی بات ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے