میری زندگی کی کہانی فلم بنانے کے لائق ہے، نورا فتحی
کینیڈا سے تعلق رکھنے والی بالی ووڈ کے مشہور رقاصہ نورا فتحی نے کہا ہے کہ انکی زندگی کی کہانی فلم بنائے جانے کے قابل ہے۔
نورا فتحی اس وقت بالی ووڈ کی مشہور شخصیات میں سے ایک ہیں جنہوں نے گیتوں میں پرفارمنسز سے مداحوں کے دل جیتے جن میں دلبر، راک دا پارٹی، کسو، کمریا اور او ساقی بھی شامل ہیں۔
نورا کئی عرصے سے بالی ووڈ میں کام کر رہی ہیں، انہوں نے کچھ روز قبل اپنے ایک انٹرویو کے دوران بالی ووڈ میں اپنے ابتدائی دنوں پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کیا تھا۔
تاہم اب انہوں نے اپنے تازہ انٹرویو کے دوران کہا ہے کہ انکی زندگی اور بالی ووڈ میں محنت کی کہانی دستاویزی فلم بنانے کے لائق ہے۔
نورا کا کہنا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ لوگوں کو ایک عام سی لڑکی کی بالی ووڈ میں ایک عام جگہ تک آنے اور پھر تمام تر نامساعد حالات کے باوجود نئی زبان سیکھ کر انڈسٹری میں اپنا نام بنانے کی کہانی کا علم ہو۔
انکا کہنا تھا کہ میرے پاس ایک کہانی ہے اور ایک دن میں ایک دستاویزی فلم بنانا چاہوں گی اور اس بارے میں بات کرنا چاہوں گی کہ نورا نامی یہ عام لڑکی جو بھارتی بھی نہیں ہے، وہ کس طرح بالی ووڈ میں آئی اور یہاں گھل مل گئی۔ اس لڑکی نے تمام رکاوٹوں کو توڑ کر نئی زبان سیکھی۔
انکا کہنا تھا کہ لوگوں نے اس لڑکی سے کہا کہ وہ یہ سب نہیں کر پائے گی لیکن اُس نے ایسا کرکے دکھایا اور عالمی شہرت حاصل کی۔
نورا نے مزید کہا کہ یہ میری کہانی ہے، میرا خیال ہے کہ میری زندگی دستاویزی فلم بننے کے لائق ہے۔