سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ، واقعے کا منصوبہ کہاں بنایا گیا؟

ـــ فائل فوٹو

بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کے واقعے کی مزید تفصیلات سامنے آگئیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کا جو واقعہ پیش آیا، اس کا منصوبہ امریکا میں پیشہ ور شوٹرز اور مختلف بھارتی ریاستوں میں اسلحے کو ذخیرہ کرنے والے ایک نیٹ ورک نے تیار کیا ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر شوٹنگ کے واقعے کی بناوٹ ایک کرائم تھرلر فلم کے اسکرپٹ سے ملتی جلتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی شہر ممبئی میں سلمان خان کے گلیکسی اپارٹمنٹس کے باہر بائیک پر ہیلمٹ پہنے 2 مسلح افراد فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے تھے۔

علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے سے حاصل کی گئی فوٹیج کی مدد سے فائرنگ کرنے والے مسلح افراد کا خاکہ تیار کرلیا گیا ہے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دو افراد کیپ اور بیگ پہنے ہوئے تھے جن میں سے ایک نے جینز پر سفید ٹی شرٹ اور کالی جیکٹ جبکہ دوسرے شخص نے سرخ ٹی شرٹ اور پینٹ پہنی ہوئی تھی۔

پولیس کے مطابق، ان دونوں مسلح افراد کا تعلق بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر گروگرام سے ہے جبکہ ان میں سے ایک وشال راہول نامی گینگسٹر ہے جو ہریانہ میں متعدد قتل اور ڈکیتی کی وارداتوں میں مطلوب بھی ہے۔

وشال راہول کا تعلق لارنس بشنوئی گینگ سے ہے اور یہ گینگسٹر روہت گودارا کا خاص شوٹر ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پیش آنے والے اس واقعے کے بعد لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی نے بذریعہ سوشل میڈیا اس واقعے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اسے ’ٹریلر‘ قرار دیا تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی پولیس نے فائرنگ واقعے کے بعد نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے لیکن ابھی تک فائرنگ کے ملزموں کو گرفتار نہیں کیا جاسکا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے