سلمان خان کے گھر فائرنگ، راکھی ساونت اور بھارتی سنگھ کا بیان سامنے آ گیا
بالی ووڈ فنکارائیں، معروف کامیڈین بھارتی سنگھ اور راکھی ساونت نے گلیکسی اپارٹمنٹس کے باہر فائرنگ کے حالیہ واقعے کے بعد سلمان خان کو درپیش سیکیورٹی خطرے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ سلمان خان نے اپنے گھر کے باہر فائرنگ کے واقعے پر ابھی تک کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے تاہم ان کے مداح و خیر خواہ صدمے سے دو چار ہیں۔
گزشتہ روز بالی ووڈ کی کچھ مشہور شخصیات نے اس واقعے پر ردِعمل کا اظہار کیا ہے جن میں بھارتی سنگھ اور راکھی ساونت بھی شامل ہیں۔
بھارتی سنگھ اور راکھی ساونت نے میڈیا سے گفتگو کے دوران سلمان خان عرف سلو بھائی کی سیکیورٹی کے حوالے سے اپنے خیالات اور خدشات کا اظہار کیا ہے۔
گزشتہ روز بھارتی سنگھ کو ایک ڈانس شو کے سیٹ پر دیکھا گیا، میڈیا کی جانب سے سوالات کے دوران بھارتی سنگھ نے سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کے واقعے پر بھی بات کی۔
کامیڈین بھارتی سنگھ کا کہنا تھا کہ ’ اُنہیں یہ خبر سُن کر بہت برا محسوس ہوا، پتہ نہیں کون ہے جو یہ سب کر رہا ہے، سلمان بھائی کے ساتھ بہت ساری دعائیں ہیں، دعا کریں کہ وہ ہمیشہ محفوظ رہیں۔‘
راکھی ساونت کا سلمان خان پر حملہ کرنے والوں کیلئے جذباتی پیغام
دوسری جانب اداکارہ و رقاصہ راکھی ساونت نے اس معاملے پر جذباتی ویڈیو پیغام شیئر کیا۔
راکھی ساونت کا اپنے پیغام میں حملہ آوروں پر زور دیتے ہوئے کہنا تھا کہ سلمان کو نقصان نہ پہنچائیں۔
راکھی کا کہنا تھا کہ جو کچھ بھی ہوا وہ ٹھیک نہیں ہے، حملہ آوروں نے سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کو ٹریلر کہا ہے، یہ اچھی بات نہیں ہے۔
راکھی ساونت کا اپنے پیغام میں مزید کہنا تھا کہ سلمان خان میرے بھائی ہیں، وہ بالی ووڈ کے لیجنڈ ہیں، اس وقت سب ڈرے ہوئے ہیں، مجھے گولی کھانے کی عادت ہے، میں خدا کے سوا کسی اور سے نہیں ڈرتی۔
راکھی ساونت کا کہنا تھا کہ ’میری ماں مر رہی تھی، سلمان بھائی نے ان کے آپریشن کے لیے اتنے پیسے خرچ کر دیے، میں وبائی مرض کے دوران مالی بحران کا شکار تھی، ہمیں سلمان خان جیسا آدمی کہاں سے ملے گا۔
ایک اور ویڈیو پیغام میں راکھی نے کہا کہ بشنوئی گروپ والوں کو جان چاہیے، آپ میری جان لے لو۔