شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان کیساتھ فلم میں اربوں کی سرمایہ کاری
بالی ووڈ کے کنگ، اداکار شاہ رخ خان نے اپنی آنے والی نئی فلم میں 2 بلین روپے کی خطیر رقم کی سرمایہ کاری کی ہے، اس فلم میں ان کی بیٹی سہانا خان کو بڑے پردے پر ڈیبیو کرتے ہوئے دیکھا جائے گا۔
یاد رہے کہ شاہ رخ خان کو آخری بار فلم ’ ڈنکی ‘ میں بڑے پردے پر دیکھا گیا تھا، اب وہ اپنی بیٹی سہانا خان کے ساتھ 2025ء میں سب سے زیادہ بجٹ والی فلم ’کنگ‘ میں نظر آئیں گے۔
بھارتی میڈیا ’بالی ووڈ ہنگامہ‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان کی یہ فلم فی الحال پروڈکشن کے ابتدائی مراحل میں ہے، فلم ’کنگ‘ ایک ایکشن فلم کے طور پر بنائی جائے گی جس کو تمام تر توقعات پر پورا اتارنے کے لیے بھاری بھرکم بجٹ استعمال کیا جائے گا۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ہدایتکار و اداکار سوجوئے گھوش اور فلمساز سدھارتھ آنند نے بھی 2 بلین روپے کے بجٹ کے ساتھ اس ایکشن فلم کو بنانے کے لیے شاہ رخ خان کے ساتھ ہاتھ ملایا ہے۔
اس فلم سے متعلق بھارتی میڈیا کا دعویٰ کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ نے ہمیشہ عالمی معیار کی فلمیں تیار کی ہیں اور فلم ’کنگ‘ بھی گزشتہ فلموں کی سطح کی بنائی جا رہی ہے۔
فلم ’کنگ‘ کی شوٹنگ رواں سال مئی میں شروع ہوگی اور پانچ ماہ تک جاری رہے گی، فلمساز 2025ء کے آخر میں اس فلم کا پریمیئر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
یاد رہے کہ سہانا خان کی بڑے پردے پر یہ پہلی فلم ہوگی جبکہ وہ اپنی اداکاری کا آغاز گزشتہ سال زویا اختر کے نیٹ فلکس شو ’دی آرچیز‘ سے کر چکی ہیں۔