طاقتور مغربی سسٹم سے کراچی میں تیز بارش کا امکان ہے: موسمیاتی تجزیہ کار
موسمیاتی تجزیہ کار نے طاقت ور مغربی سسٹم کے تحت کراچی میں تیز بارش کی پیش گوئی کر دی۔
موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق خلیجی ریاستوں کے بعد طاقت ور مغربی سسٹم بلوچستان میں داخل ہو گیا، یہ سسٹم مکران کے ساحلی علاقوں میں تیز بارشوں کا باعث بن رہا ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ آج شام سے سسٹم کے اثرات کراچی اور سندھ پر ظاہر ہونا شروع ہوں گے، تاہم سسٹم کی شدت خلیجی ریاستوں والی نہیں رہے گی۔
موسمیاتی تجزیہ کار نے بتایا ہے کہ آج شام سے کل دوپہر کے درمیان سندھ کی ساحلی پٹی پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، آئندہ 24 گھنٹوں میں جنوبی اور مشرقی سندھ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس سسٹم سے کراچی میں تیز بارش کا امکان ہے، تاہم کراچی میں خلیجی ریاستوں جیسی طوفانی بارش کا امکان نہیں، یہاں 15 سے 40 ملی میٹر تک بارش ہونے کا امکان ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار کا یہ بھی کہنا ہے کہ بحیرۂ عرب میں سطح سمندر کا درجۂ حرارت زائد ہے، جس کے باعث سسٹم کو نمی کی صورت میں بحیرۂ عرب سے مدد حاصل رہے گی۔
دوسری جانب محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ بلوچستان پر اثر انداز ہو رہا ہے جس کے زیرِ اثر جامشورو، دادو، نوشہرو فیروز، سانگھڑ، حیدر آباد، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہٰیار، ٹھٹہ، سجاول، بدین، میر پور خاص، عمر کوٹ، جیکب آباد، شکار پور، قمبر شہداد کوٹ، لاڑکانہ، سکھر، گھوٹکی کے اضلاع اور کراچی ڈویژن میں آج سے 19 اپریل کی صبح تک گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی شدت اور کہیں کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔