کوئی اور راستہ نہیں ایکس پر پابندی لگانا ضروری تھا، وزارت داخلہ کی رپورٹ
وزارت داخلہ نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس کی بندش کے خلاف درخواست پر رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دی۔
وزارت داخلہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کا کوئی بنیادی حق سلب نہیں ہوا، درخواست خارج کی جائے، ایکس کی بندش کے خلاف درخواست قانون و حقائق کے منافی ہے اور قابل سماعت نہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایکس پاکستان میں رجسٹرڈ ہےنہ پاکستانی قوانین کی پاسداری کے معاہدے کا شراکت دار ہے، ایکس نے پلیٹ فارم کے غلط استعمال سے متعلق حکومت پاکستان کے احکامات کی پاسداری نہیں کی، حکومت پاکستان کے احکامات کی پاسداری نہ ہونے پر ایکس پر پابندی لگانا ضروری تھا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے ایکس سے چیف جسٹس کے خلاف پراپیگنڈا کرنے والے اکاؤنٹس بین کی درخواست کی، ایکس حکام نے سائبر کرائم ونگ کی درخواست کو نظر انداز کیا اور جواب تک نہ دیا، عدم تعاون ایکس کےخلاف ریگولیٹری اقدامات بشمول عارضی بندش کا جواز ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت کے پاس ایکس کی عارضی بندش کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں، انٹیلیجنس ایجنسیوں کی درخواست پر وزارت داخلہ نے ایکس کی بندش کے احکامات دیے، ایکس کی بندش کا فیصلہ قومی سلامتی اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے کیا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شدت پسندانہ نظریات اور جھوٹی معلومات کی ترسیل کیلئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا استعمال کیا جارہا ہے، چند شرپسند عناصر کی جانب سے امن و امان کو نقصان پہنچانے کیلئے ایکس کو استعمال کیا جارہا ہے، عدم استحکام کو فروغ دینے کیلئے ایکس کو بطور آلہ استعمال کیا جارہا ہے۔
وزارت داخلہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایکس کی بندش کا مقصد آزادی اظہار رائے یا معلومات تک رسائی پر قدغن لگانا نہیں، ایکس کی بندش کا مقصد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا قانون کے مطابق ذمہ دارانہ استعمال ہے، وزارت داخلہ پاکستان کے شہریوں کی محافظ اور قومی استحکام کی ذمہ دار ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس سے قبل حکومت کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر بھی بین لگایا گیا تھا، ٹک ٹاک کے پاکستانی قانون کی پاسداری کے معاہدے پر دستخط کے بعد بین ختم کردیا گیا تھا۔
وزارت داخلہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایکس کی بندش آئین کے آرٹیکل 19 کی خلاف وزری نہیں ہے، سیکیورٹی وجوہات پر دنیا بھر میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی عائد کی جاتی ہے، ایکس کی بندش کے خلاف درخواست کو خارج کیا جائے۔