پاکستانی مشہور اداکار جنہوں نے مقبول ڈراموں کو ٹھکرا دیا
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی تاریخ میں ایسے بہت سے اداکار موجود ہیں جنہوں نے غلط فیصلہ کرتے ہوئے بلاک بسٹر ڈراموں کا حصہ بننے سے انکار کر دیا اور بعد ازاں اِنہیں پچھتانا پڑا۔
ہر اداکار کی یہ مرضی پر منحصر کرتا ہے کہ وہ کونسے کردار اور کہانی کو ہاں اور نہ بولتا ہے، مگر کچھ کردار ایسے ہوتے ہیں جو نئے چہرے کو بھی زمین سے اٹھا کر آسمان پر پہنچا دیتے ہیں۔
جب کوئی اداکار کسی ہٹ ہو جانے والے کردار کو ٹھکرا چکا ہوتا ہے تو بعد ازاں وہ اُس پر بات کرنا پسند کرتا ہے اور ٹی وی پر مختلف پروگراموں کے دوران بتاتا ہے کہ یہ کردار پہلے اُسے آفر کیا گیا تھا جبکہ کبھی کبھار فنکار ایسے موقعوں پر چپ رہتے ہیں اور بلاک بسٹر ثابت ہونے والے ڈرامے کا پروڈکشن ہاؤس بتاتا ہے کہ اُن کی فلانے کردار کے لیے پہلا انتخاب کون تھا۔
ایسے ہی کچھ کرداروں اور اُن کے ٹھکرادینے والے ستاروں سے متعلق اس رپورٹ میں تفصیلات درج ہیں۔
’تیرے بن‘
پاکستانی سوشل میڈیا رپورٹس کے مطابق جیو انٹرٹینمنٹ کے بلاک بسٹر ثابت ہونے والے ڈرامے ’تیرے بن‘ میں مرکزی کردار کے لیے یمنیٰ زیدی سے قبل اداکارہ عائزہ خان کو پیشکش کی گئی تھی مگر انہوں نے یہ آفر قبول نہیں کی۔
’بن روئے‘
اسی طرح ہمایوں سعید کے سپر ہٹ ڈرامہ سیریل ’بن روئے‘ کے لیے ہمایوں سعید سے قبل اداکار فواد خان کو یہ ڈرامہ آفر کیا گیا تھا مگر فواد خان نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر یہ پیشکش قبول نہیں کی تھی۔
’برنس روڈ کے رومیو جولیٹ‘
ڈرامہ سیریل ’برنس روڈ کے رومیو جولیٹ‘ کے لیے اقراء عزیز کے مدِ مقابل اداکار حمزہ سہیل سے قبل اس کردار کے لیے اداکار احد رضا میر سے رابطہ کیا گیا تھا مگر انہوں نے اس ڈرامے میں کام کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
’شدت‘
جیو انٹرٹینمنٹ کے ڈرامہ سیریل ’شدت‘ کے لیے، اداکارہ انمول بلوچ کے مدِ مقابل، اداکار منیب بٹ کو کاسٹ کرنے سے قبل اداکار زاہد احمد سے رابطہ کیا گیا تھا مگر انہوں نے یہ آفر ٹھکرا دی تھی۔
دوسری جانب اس ڈرامے کے لیے انمول بلوچ سے قبل اداکارہ ثناء جاوید سے رابطہ کیا گیا تھا، ثناء جاوید کے ڈرامے کے لیے انکار کے بعد اداکارہ انمول کو کاسٹ کیا گیا تھا۔
’منت مراد‘
جیو انٹرٹینمنٹ کے شائقین کے دلوں میں گھر کرنے والے ڈرامہ سیریل ’منت مراد‘ کے لیے اداکارہ اقراء عزیز کے مدِ مقابل ہدایتکار کا پہلا انتخاب اداکار و گلوکار فرحان سعید تھے، مگر فرحان سعید کے معذرت کرنے کے بعد کردار ’مراد‘ کے لیے اداکار طلحہ چہور کو کاسٹ کر لیا گیا تھا۔
’میرے پاس تم ہو‘
اسی طرح بلاک بسٹر ثابت ہونے والے ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ میں مرکزی کردار اداکار ہمایوں سعید اور اداکارہ عائزہ خان نے ادا کیے تھے۔
رپورٹس کے مطابق اداکارہ عائزہ خان کی جانب سے ادا کیا گیا کردار پہلے اداکاری سونیا حسین کو آفر کیا گیا تھا مگر انہوں نے یہ کردار ادا کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
اڈاری‘
ڈرامہ سیریل ’اڈاری‘ میں اداکار احسن خان نے بہترین انداز میں منفی کردار ادا کر کے سب کے دل اور کافی ایوارڈ جیتے تھے۔
اس ڈرامے میں احسن خان کی جانب سے ادا کیا گیا کردار پہلے اداکار فیصل قریشی کو آفر کیا گیا تھا جس سے فیصل قریشی کے معذرت کرنے کے بعد یہ کردار احسن خان کے حصے میں آیا تھا۔