شلپا شیٹی کے شوہر، تاجر راج کندرا کی 100 کروڑ کی جائیداد ضبط کر لی گئی
بھارتی معروف اداکارہ و فٹنس ماہر شلپا شیٹی کے شوہر، معروف تاجر راج کندرا ایک بار پھر بڑی مشکل میں پھنس گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کی تقریباً 100 کروڑ مالیت کی جائیداد ضبط کر لی گئی ہے، یہ جائیداد راج کندرا کے ’پونزی اسکیم‘ (ponzi scam) میں ملوث پائے جانے کے شبے میں ضبط کی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 100 کروڑ کی اس جائیداد میں جوہو میں واقع ایک رہائشی فلیٹ بھی شامل ہے جو فی الحال اداکارہ شلپا شیٹی کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے بِٹ کوائن پونزی اسکام سے جڑی جانچ پڑتال کے دوران راج کندرا کی جائیداد ضبط کی ہے۔
پونزی اسکیم کیا ہے ؟
’پونزی اسکیم‘ ایک دھوکا دہی کا کھلا پلیٹ فارم ہے جہاں سرمایہ کاروں کو کم یا بغیر کسی خطرے کے منافع دیا جاتا ہے لیکن اس اسکیم میں پیسہ نہیں لگایا جاتا ہے۔
اس اسکیم میں پیسہ لگانے کے بجائے فراڈ کرنے والا شخص (فراڈیا) زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس بزنس کی جانب راغب کرتا ہے اور ابتدائی سرمایہ کاروں کو حالیہ سرمایہ کاری کے فنڈز سے منافع ادا کرتا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ای ڈی نے ویری ایبل ٹیک پرائیویٹ لمیٹڈ، مرحوم امیت بھردواج، اجے بھردواج، وویک بھردواج، سمپی بھردواج، مہیندر بھاردواج اور دیگر کے خلاف مہاراشٹر اور دہلی پولیس کی جانب سے درج کی گئی متعدد شکایات کی بنیاد پر یہ جانچ شروع کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کیس کی تفتیش میں الزام لگایا گیا ہے کہ ملزم (راج کندرا) نے 2017ء میں بِٹ کوائنز میں تقریباً 6,600 کروڑ روپے سرمایہ کاری کی اور اس سے 10 فیصد ماہانہ منافع کے وعدوں کے ساتھ سرمایہ کاروں کو دھوکا دے کر رقم وصول کی تھی۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے الزام لگایا ہے کہ اس بزنس کے پروموٹرز نے نئے سرمایہ کاروں کو دھوکا دیا اور غیر واضح آن لائن بزنس، بٹ کوائنز کو چھپائے رکھا۔
تحقیقات کے دوران ایجنسی کو معلوم ہوا کہ راج کندرا نے پونزی اسکیم کے ماسٹر مائنڈ امیت بھردواج سے بھاری بھرکم معاوضہ وصول کیا ہے۔