چیلنج کپ فٹبال لاہور سے اسلام آباد منتقل کردیا گیا
پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے آئندہ ہفتے ہونے والا چیلنج کپ فٹبال لاہور سے اسلام آباد منتقل کردیا ہے، ایونٹ کیلئے تین وینیوز کو فائنل کردیا گیا ہے۔
پی ایف ایف چیلنج کپ کا دوسرا راؤنڈ طویل تاخیر کے بعد یکم مئی سے شروع ہونا ہے، پی ایف ایف نے ایونٹ پہلے لاہور میں کرانے کا اعلان کیا تھا لیکن پنجاب اسپورٹس بورڈ نے پی ایف ایف کو ایونٹ کیلئے گراؤنڈ دینے سے انکار کردیا۔
اب پی ایف ایف نے میچز اسلام آباد شفٹ کردیے جس کیلئے تین وینیوز فائنل کرلیے ہیں۔ مقابلے مہران گراؤنڈ، پی ایس بی فٹبال پچ اور جناح اسٹیڈیم میں ہوں گے۔ جناح اسٹیدیم میں صرف ناک آؤٹ راؤنڈ کے میچز ہوں گے۔
دوسری جانب کراچی میں اپریل کے آخر میں ہونیوالی فٹسال چیمپئن شپ کیلئے مردوں کی 24 اور خواتین کی 6 ٹیموں نے شرکت کی تصدیق کردی ہے۔