شہروز کاشف نے ایک مرتبہ پھر عالمی ریکارڈ پر نظریں جمالیں
پاکستان کے نوجوان کوہ پیماء شہروز کاشف نے ایک بار پھر 8 ہزار میٹر سے بلند تمام 14 چوٹیاں سر کرنیوالے کم عمر ترین کوہ پیماء بننے کے ریکارڈ پر نظریں جمالیں۔ شہروز موسم سے ہم آہنگی کےلیے نیپال میں موجود ہیں اور شیشاپنگما سر کرنے کےلیے چینی حکام سے اجازت نامے کے منتظر ہیں۔
22 سالہ شہروز کاشف 8 ہزار میٹر سے بلند دنیا کی 14 چوٹیوں میں سے 13 کو سر کرچکے ہیں اور اب ان کی نظریں آخری چوٹی پر ہیں لیکن 8034 میٹر بلند شیشاپنگما کو سر کرنے کےلیے شہروز چین سے اجازت نامے کے منتظر ہیں۔
جیو نیوز سے گفتگو میں شہروز کاشف نے بتایا کہ وہ اس وقت نیپال میں موجود ہیں جہاں وہ مختلف ٹریکس پر موسم سے ہم آہنگ ہوچکے ہیں، ان کے ساتھ پاکستان کے سرباز علی اور دیگر کوہ پیما بھی موجود ہیں جو شیشا پنگما کےلیے چینی اجازت نامے کے منتظر ہیں۔
شہروز نے امید ظاہر کی کہ بہت جلد اس حوالے سے اچھی خبر مل جائے گی۔
شیشاپنگما سر کر کے شہروز 8 ہزار میٹر سے بلند تمام 14 چوٹیاں سر کرنے والے کم عمر ترین کوہ پیماء ہوجائیں گے۔
گزشتہ برس شیشاپنگما پر حادثے کی وجہ سے شہروز کو اپنی مہم مؤخر کرنا پڑی تھی تاہم پاکستانی کوہ پیماء اس سال سمٹ مکمل کرنے کےلیے پُرامید ہیں۔
2019 میں 17 سال کی عمر میں براڈ پیک سر کرنے والے شہروز کاشف براڈ بوائے کے نام سے مشہور ہیں۔
2021 میں انہوں نے ماؤنٹ ایوریسٹ، کے ٹو اور مناسلو کو سر کیا تھا جبکہ 2022 میں انہوں نے کینچن جونگا، لوٹسے، مکالو، نانگا پربت، گیشربرم ون اور گیشربرم ٹو سر کی تھی۔
گزشتہ سال شہروز کاشف نے داولاگیری، اناپورنا، مناسلو اور چو ایو کو سر کیا تھا اور اب کی نظریں اپنی آخری سمٹ یعنی ماؤنٹ ششاپنگما پر ہیں۔