وزیر اعلیٰ پنجاب کے سیکیورٹی اسکواڈ کی گاڑی کی مبینہ ٹکر سے نوجوان کی ہلاکت کا مقدمہ درج
نارووال میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے سیکیورٹی اسکواڈ کی گاڑی کی مبینہ ٹکر سے نوجوان کی ہلاکت کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
مقدمہ جاں بحق نوجوان کے کزن کی مدعیت میں تھانہ صدر میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق ہلاک نوجوان کے کزن کا موقف ہے کہ وہ اپنی دکان پر تھا تو پتاچلا کہ ایک سرکاری ڈالہ کزن ابوبکر کو ٹکر مار کر چلا گیا ہے۔
مدعی مقدمے کا کہنا ہے کہ اُس کا کزن زخموں کی تاب نہ لا کر ڈی ایچ کیو اسپتال میں انتقال کرگیا، واقعے پر کارروائی کی جائے۔
دوسری جانب پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے نارووال میں گاڑی کی ٹکر سے بچے کی ہلاکت کا نوٹس لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر فوری مقدمہ درج کر لیا گیا، مریم نواز نے گاڑی کی نشاندہی اور ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا ہے، گاڑی کی ٹکر سے بچے کی ہلاکت پر قانونی کارروائی جاری ہے۔