اداکارہ ممتاز اور زینت امان کے درمیان جھگڑے پر سائرہ بانو کا ردِعمل
بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ اور لیجنڈری ہیرو دلیپ کمار (یوسف خان مرحوم) کی اہلیہ سائرہ بانو نے زینت امان اور ممتاز کےدرمیان ہونے والی حالیہ بحث پر اپنے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔
کچھ روز قبل زینت امان نے اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ میں شادی سے قبل ایک دوسرے کو سمجھنے کے لیے لڑکے اور لڑکی کے ایک ساتھ رہنے کی حمایت کی تھی۔
جس پر اداکارہ ممتاز نے اپنے انٹرویو میں سخت الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میں یہ بات سمجھ سکتی ہوں کہ زینت امان نے سوشل میڈیا پر اکاؤنٹ بنا لیا ہے اور اُنہیں وہاں بڑی مقبولیت مل رہی ہے لیکن اُنہیں اس نئے جوش میں ہوش نہیں کھونا چاہیے اور بات کرتے ہوئے محتاط رہنا چاہیے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ہماری اخلاقی اقدار کے خلاف مشورے دینے سے زینت امان کے سوشل میڈیا پر فالوورز نہیں بڑھیں گے اور ان کی اپنی شادی بہت مشکلات کا شکار رہی ہے اس لیے اُنہیں شادی کے حوالے سے مشورہ دیے سے گریز کرنی چاہیے۔
اب سائرہ بانو نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں زیادہ خبریں نہیں پڑھتی اس لیے مجھے یہ تو نہیں پتہ کہ زینت امان اور ممتاز نے کیا کہا ہے لیکن میں کبھی بھی اس بات کی حمایت نہیں کرسکتی کہ لڑکا اور لڑکی ایک دوسرے کو سمجھنے کے لیے شادی سے قبل ساتھ رہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ میں کبھی بھی کسی کو یہ مشورہ نہیں دوں گی کیونکہ میرے لیے یہ بالکل ناقابلِ قبول ہے۔