راجکمار راؤ نے ٹرولنگ کے بعد پلاسٹک سرجری کروانے کی تردید کردی

بھارتی اداکار راجکمار راؤ نے سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کے بعد پلاسٹک سرجری کروانے کی تردید کردی۔

اداکار راجکمار راؤ کی ایک ایونٹ میں شرکت کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد صارفین کی جانب سے انہیں ٹرول کرنا شروع کردیا گیا تھا۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کہا گیا تھا کہ راجکمار راؤ نے پلاسٹک سرجری کروائی ہے، جبکہ اس سے متعلق ان پر میمز بھی بنائی گئیں۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے اپنے حالیہ انٹرویو میں اداکار نے کہا کہ اگر آپ نے وہ تصویر دیکھی ہے تو وہ میری نہیں ہے، یہ کسی نے مذاق کیا ہے اور یہ ایک ٹچ اپ تصویر ہے۔

راجکمار نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر تصویر سامنے آنے کے بعد لوگوں نے میری پرانی تصاویر نکالیں اور پلاسٹک سرجری جسیے الزامات بھی لگانا شروع کردیے، جبکہ میں تو چھری کے نیچے کبھی آیا ہی نہیں ہوں۔

اداکار نے پلاسٹک سرجری کی تردید کرنے کے بعد اعتراف کیا کہ انہوں نے اپنے چہرے پر فلرز کا استعمال ضرور کیا ہے، اور یہ بھی تقریباً 8 یا 9 سال پرانی بات ہے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے راجکمار نے کہا کہ جب میں نے اپنے کیریئر کی شروعات کی تو لوگ میری شکل پر تبصرہ کرتے تھے، تو میں بہتر نظر آنے کیلئے فلرز حاصل کیے تھے، اور میں سمجھتا ہوں اگر کوئی اعتماد حاصل کرنے کیلئے ایسا کرنا چاہتا ہے تو اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔

ٹرولنگ نے آپ کو متاثر کیا؟ میزبان کی جانب سے پوچھے گئے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے اداکار نے کہا کہ نہیں مگر یہ مضحکہ خیز ہے اور میں جانتا ہوں کہ یہ بالکل جعلی ہے اور ایسے ٹرول صرف توجہ حاصل کرنے کیلئے کیے جاتے ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ یہ سب سے افسوسناک چیز ہے جو کوئی کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اداکاروں کو اچھا لگنے اور ہمیشہ پرائم اور مناسب بننے کیلئے مسلسل دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لیکن کام ہمیشہ میرے لیے ترجیح رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے