امیرالعظیم جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل مقرر
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی زیرصدارت مرکزی مجلس شوریٰ کا لاہور میں اجلاس ہوا، جس میں مجلس شوریٰ نے امیر العظیم کو جماعت اسلامی کا سیکریٹری جنرل مقرر کردیا۔
ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف کا کہنا ہے کہ لیاقت بلوچ، میاں محمد اسلم، ڈاکٹر عطاء الرحمان اور ڈاکٹر اسامہ رضی نائب امراء مقرر کیے گئے ہیں۔
قیصر شریف نے کہا کہ مشاورت کا عمل مکمل ہونے کے بعد مزید نائب امراء، ڈپٹی سیکریٹری جنرل کا تقرر کیا جائے گا، تمام عہدے شوریٰ سے مشاورت کے بعد تفویض کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نومنتخب امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اپنے عہدے کا حلف اُٹھایا تھا، حلف برداری کے موقع پر جذباتی مناظر بھی دیکھنے میں آئے تھے۔
کراچی سے تعلق رکھنے والے حافظ نعیم الرحمان جماعت اسلامی کے چھٹے امیر ہیں، ارکان جماعت اسلامی نے انہیں 5 سال کے لیے جماعت اسلامی کا امیر منتخب کیا ہے۔