رجنی کانت نے ووٹ کاسٹ کردیا، عوام سے بھی ووٹ ڈالنے کی اپیل
جنوبی بھارت اور تامل فلموں کے سپر اسٹار اداکار رجنی کانت، اجیت کمار اور شیوا کارتھیکیان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کرلیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آج سے شروع ہونے والے لوک سبھا انتخابات 2024 کے سلسلے میں جنوبی بھارت کے سُپر اسٹار صبح سویرے ووٹ ڈالنے پہنچ گئے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں رجنی کانت کو اپنا قیمتی ووٹ کاسٹ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
قبل ازیں جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری سے وابستہ اداکار اجیت کمار کی بھی ووٹ کاسٹ کرتے ہوئے ویڈیو منظر عام پر آئی تھی۔
میڈیا ذرائع کے مطابق اجیت کمار چنئی سے سب سے پہلے ووٹ ڈالنے والوں میں سے ایک ہیں جو صبح 7 بجے سے قبل ہی پولنگ اسٹیشن پہنچ گئے تھے۔
بعدازاں رجنی کانت اور شیوا کارتھیکیان نے بھی قطار میں کھڑے ہوکر اپنا ووٹ کاسٹ کیا، جسے کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کرلیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فنکاروں نے عوام کو گھر سے باہر نکل کر ووٹ کاسٹ کرنے کی اپیل کی ہے۔
واضح رہے کہ آج سے بھارت میں شروع ہونے والے انتخابات کے پہلے مرحلے میں 21 ریاستوں کے 102 حلوقں میں انتخابات ہو رہے ہیں، جس میں 2700 سیاسی جماعتوں کے 1600 سے زائد امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔