فلم انڈسٹری میں پسندیدہ لوگوں کو ہی کام دیا جاتا ہے، پرینیتی چوپڑا
بالی ووڈ کی اداکارہ پرینیتی چوپڑا کا کہنا ہے کہ فلم انڈسٹری میں بہت سے کیمپ بنے ہوئے ہیں جس میں پسندیدہ لوگوں کو ہی کام دیا جاتا ہے۔
اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے امتیاز علی کی فلم امر سنگھ چمکیلا میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے جس پر مداحوں کی جانب سے ان کی تعریفیں کی جارہی ہیں۔
اپنے کیریئر میں کئی اتار چڑھاؤ دیکھنے والی پرینیتی نے بالی ووڈ میں پسندیدگی اور جانبداری سے متعلق انکشافات کیے ہیں۔
اپنے حالیہ انٹرویو میں اداکارہ نے فلم انڈسٹری سے متعلق کھل کر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انڈسٹری میں بہت سے کیمپس اور حلقے بنے ہوئے ہیں، اگر ایک کام کےلیے 2 لوگ ہیں اور دونوں ہی باصلاحیت ہیں جن میں سے ایک پسندیدہ ہوگا اور دوسرا نہیں ہوگا، جو پسندیدہ نہیں ہے وہ کام کا موقع کھودے گا۔
پرینیتی چوپڑا نے کہا کہ میں درخواست کرتی ہوں کہ انڈسٹری میں میرٹ کو ترجیح دی جائے، اگر مجھ میں ٹیلنٹ ہے اور میں بھی فلم میں بزنس دینے کے لائق ہوں تو مجھے بھی موقع ملنا چاہیے اور اسے ضائع نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ میرا کوئی رشتہ دار انڈسٹری میں نہیں ہے یا پھر میں آپ کے کیمپ میں نہیں ہوں۔
یاد رہے کہ فلم امر سنگھ چمکیلا میں دلجیت دوسانجھ مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، امتیاز علی کی ہدایتکاری میں بننے والی یہ فلم آنجہانی پنجابی گلوکار پر بنائی گئی میوزیکل بائیوپک ہے، جبکہ اسے نیٹ فلکس پر دیکھا جاسکتا ہے۔
اداکارہ نے اس فلم میں اداکاری پسند کیے جانے پر اپنے مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔