گلوبل رائٹرز ایسوسی ایشن اٹلی کی جانب سے دنیا بھر کے شعراء ادباء اور مصنفین کو ایوارڈز سے نوازا گیا
اٹلی (رانا افضال انجم، انفارمیشن سیکریٹری، گلوبل رائٹرز ایسوسی
ایشن)، گلوبل رائٹرز ایسوسی ایشن اٹلی کا منفرد ریکارڈ :۔ گلوبل رائٹرز ایسوسی ایشن اٹلی کی جانب سے دنیا بھر کے شعراء ادباء اور مصنفین کو ان کی ادبی کارکردگی کی بنیاد پر ایوارڈوں سے نوازا گیا۔ مورخہ 20 اپریل 2024 کو زوم ایپ پر آن لائن عالمی پروگرام منعقد کیا گیا۔ محترمہ زیب النساء زیبی صاحبہ (ایوارڈ یافتہ شاعرہ ، ادیبہ ، مصنفہ) اور جناب چوہدری محمد نواز گلیانہ کی سربراہی میں گلوبل رائٹڑز ایسوسی ایشن اٹلی نے دنیا بھر کے قلمکاروں کو ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا ۔ اس حوالے سے آٹھ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں دنیا بھر کے انتہائی سینئر شعراء اور ادباء شامل تھے۔ جن میں جناب تنویر پھول صاحب نیو یارک امریکہ ۔ جناب حسنین بخاری صاحب لاہور پاکستان، جناب صالح اچھا صاحب کینڈا ، جناب عزیز بلگامی صاحب بلگام انڈیا، جناب ڈاکٹر سعادت سعید صاحب لاہور پاکستان، جناب ناصر علی سید صاحب پشاور پاکستان، جناب مختار تلہری صاحب انڈیا اور جناب انیس احمد صاحب لاہور پاکستان کے نام شامل ہیں۔ ان کے علاوہ گلوبل رائٹرز ایسوسی ایشن اٹلی کے عہدیداران میں سرپرست اعلٰی محترمہ زیب النساء زیبی، چوہدری محمد نواز گلیانہ صدر، محمد فیصل بٹ نائب صدر، میاں شبیر احمد نائب صدر، جناب ج، ف غوری جنرل سیکریٹری، انفارمیشن سیکریٹری رانا افضال انجم ، اور فنانس سیکریٹری ارشد منیر ڈار شامل تھے۔ ان سب حضرات نے کافی دنوں کی چھان بین اور انتھک محنت کے بعد دنیا بھر سے ایسے ادیبوں، شاعروں کا انتخاب کیا جو اپنی منفرد ادبی کاوشوں کی بدولت ایوارڈ لینے کے حق دار تھے۔ اس حوالے سے 20 اپریل 2024 کو زوم پر پاکستانی وقت کے مطابق آٹھ بجے پروگرام شروع ہوا جو کہ رات 2 بجے اختتام پذیر ہوا۔ اس پروگرام کی نظامت کے فرائض، تبسم علوی نیو یارک امریکہ، انیس احمد لاہور پاکستان، ممتاز ملک پیرس فرانس، اے آر ساغر بہاول پور پنجاب پاکستان نے سر انجام دئے۔ پروگرام میں دنیا بھر کے مردو وخواتین شعراء و ادباء نے شرکت کی۔ اس پروگرام میں مختلف طرح کے ایوارڈوں سے نوازا گیا۔ سب سے پہلے 68 لوگوں کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا، پھر 60 لوگوں کو فروغ ادب ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ پھر 38 لوگوں کو کمالِ فن ایوارڈ سے نوازا گیا، اس کے بعد 43 لوگوں کو حسن کارکردگی کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس کے بعد 26 لوگوں کو افتخار ادب ایوارڈ سے نوازا گیا۔ جبکہ 8 لوگوں کو ٹیلنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ سند سپاس (تحسین و تہنیت) کے ایوارڈ بھی شامل تھے۔ پروگرام کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے کینڈا سے سینئر ترین شاعر محترم صالح اچھا صاحب نے فرمایا یہ ایوارڈ دنیا بھر میں انفرادی حیثیت کے حامل ہیں۔ جناب تنویر پھول صاحب نیور یارک امریکہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے فرمایا اس طرح کے ایوارڈ لکھاریوں میں نئی روح پھونک دیتے ہیں۔ سرپرست اعلیٰ محترمہ زیب النساء زیبی صاحبہ کی جانب سے تمام ایوارڈ حاصل کرنے والوں کو مبارک باد پیش کی گئی۔ چوہدری محمد نواز گلیانہ صدر گلوبل رائٹرز ایسوسی ایشن اٹلی کی جانب سے تمام شرکاء کا بھر پور شکریہ ادا کیا گیا۔ آخر میں جناب تنویر پھول صاحب نے دعا کروائی۔