امیتابھ نے ممبئی میں 10ہزار اسکوائر فٹ کا پلاٹ 10 کروڑ میں خرید لیا
بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن نے بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے صدر مقام ممبئی کے قریب علی باغ میں دس ہزار اسکوائر فٹ کا پلاٹ 10 کروڑ کے عوض خرید لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس خریداری کی رجسٹری گزشتہ ہفتے کروائی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ سپر اسٹار نے پلاٹوں کے ڈیولپمنٹ پروجیکٹ (علی باغ کے نام سے معروف) میں یہ پراپرٹی خریدی ہے، علی باغ پروجیکٹ کا آغاز گزشتہ برس اپریل میں کیا گیا تھا۔
اس سے قبل امیتابھ بچن نے اسی بلڈر (دی ہاؤس آف ابھینندن لودھا) سے ایودھیا میں انکے پروجیکٹ دی سارایو میں بھی ایک قطعہ اراضی کی خریداری کی تھی۔
یہ پراپرٹی اس مندر کے قصبے میں سیون اسٹار مکس یوز اینکلیو ہے۔ رئیل اسٹیٹ انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ امیتابھ بچن کا اس 10 ہزار اسکوائر فٹ کے پلاٹ پر گھر بنانے کا ارادہ ہے، اسکی مالیت 14.5 کروڑ بھارتی روپے کے مساوی ہے۔