شادی کے بعد 3 ہزار ماہانہ میں نوکری کرتی تھی: شویتا بچن
معروف بالی ووڈ اسٹارز امیتابھ اور جیا بچن کی بیٹی شویتا بچن نندا نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنی شادی کے بعد ایک نرسری اسکول میں بطور اسسٹنٹ ٹیچر ماہانہ 3000 روپے میں نوکری کر رکھی ہے۔
امیتابھ بچن اور جیا بچن کی بیٹی شویتا بچن نے بھائی ابھیشک بچن کی طرح اپنے والدین کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے فلم انڈسٹری میں قدم نہیں رکھا بلکہ انہوں نے کاروبار اور جاب کرنے کو اہمیت دی۔
شویتا بچن ایک مشہور کالم نگار، مصنفہ اور سابقہ ماڈل بھی رہ چکی ہیں۔
شویتا بچن نندا نے اپنی بیٹی، نویا نویلی نندا کی پوڈ کاسٹ میں اپنی والدہ جیا بچن کے ہمراہ شرکت کی، اس دوران انہوں نے انکشاف کیا کہ بہت سے لوگ نہیں جانتے کہ بگ بی کی بیٹی، شویتا، ایک کنڈرگارٹن میں بطور اسسٹنٹ ٹیچر کام کر چکی ہے۔
شویتا بچن نے ماضی میں جھانکتے ہوئے پوڈ کاسٹ کے دوران انکشاف کیا کہ انہوں نے شادی کے بعد محض 3 ہزار روپے ماہانہ میں جاب کی تھی۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’میں ابھیشیک بچن سے ناصرف کالج میں بلکہ اسکول میں بھی کھانے پینے کے لیے پیسے لیتی تھی، جب آپ بورڈنگ اسکول میں ہوتے ہیں وہاں کا کھانا اچھا نہیں لگتا تو باہر سے ہی خرید کر کھانا پڑتا ہے، میں دہلی میں تھی، مجھے ایک کنڈرگارٹن میں ایک اسسٹنٹ ٹیچر کی نوکری ملی تھی، میرے خیال میں یہ ایک صحیح فیصلہ تھا۔‘