نازش جہانگیر نے بابر اعظم سے متعلق بیان والا اسکرین شاٹ جعلی قرار دے دیا

— فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نازش جہانگیر نے اپنے سے منسوب قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم سے متعلق بیان کو جعلی قرار دے دیا۔

نازش جہانگیر اپنے نام سے منسوب جعلی بیان سوشل میڈیا پر پھیلانے والوں پر برس پڑیں۔

اداکارہ نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی انسٹااسٹوری میں گردشی اسکرین شاٹ شیئر کیا ہے۔

اس گردشی اسکرین شاٹ کو جعلی قرار دیتے ہوئے نازش جہانگیر نے لکھا کہ یہ خبریں جعلی ہیں میں نے کسی بھی ٹرولنگ پر ایسا کوئی بیان یا ردعمل نہیں دیا کیونکہ یہ میری تربیت میں شامل نہیں ہے۔

انہوں نے لکھا کہ یہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ یہ لوگ کیسے اپنا اصلی رنگ دکھا رہے ہیں یہ صرف مجھے ہی نہیں بابر اعظم کو بھی بدنام کر رہے ہیں۔

اداکارہ نے یہ بھی لکھا کہ مجھے ایسے لوگوں پر بہت ترس آتا ہے، ان کی ٹرولنگ، بدنامی، گالیاں، ان میں سے کچھ بھی میرے لیے اہم نہیں ہے۔ میں یہ صرف اس لیے کہہ رہی ہوں کیونکہ میں کوئی بکواس نہیں سننا چاہتی کیونکہ آپ کے اور میرے کیلیبر میں بہت فرق ہے، اس لیے آپ لگے رہیے۔

نازش جہانگیر نے یہ بھی واضح کرتے ہوئے مزید لکھا کہ اور ہاں میری نظر میں سب کی ماں، بہن اور بیٹیاں قابلِ احترام ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں اداکارہ نے اپنی انسٹااسٹوری میں سوال جواب کا سیشن رکھا تھا، جس میں سے کسی صارف نے ان سے بابر اعظم کے حوالے سے سوال کیا تھا کہ اگر ان کا پرپوزل آئے تو کیا کریں گی؟

صارف کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ میں معذرت کرلوں گی، جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین اور کھلاڑی کے مداحوں کی جانب سے انہیں باقاعدہ ٹرولنگ کا سامنا ہے۔

ان کے نام سے منسوب ایک جعلی اسکرین شاٹ گردش کر رہا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’جس کو بھی میری بات بُری لگی ہے وہ بابر اعظم کو اپنی بہن کا رشتہ دے دیں! لیکن میری جان چھوڑ دیں‘۔

اس حوالے سے بھی اداکارہ نے ایک اور اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح ان کے خلاف پیسوں کے عوض باقاعدہ مہم چلائی جارہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے