آیوش شرما کا الزامات پر ردِعمل
بالی ووڈ کے معروف اداکار آیوش شرما نے خود پر سلمان خان کی بہن ارپیتا سے فلم انڈسٹری میں کیریئر بنانے کے لالچ میں شادی کرنے کےالزامات پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کر دیا۔
آیوش شرما، سلمان خان کی بہن ارپیتا سے شادی کے بعد اکثر تنقید کی زد میں رہتے ہیں۔
اُنہوں نے حال ہی میں دیے گئے انٹرویو میں خود پر کی جانے والی تنقید پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب میری شادی ہوئی تو کچھ لوگوں نے کہا کہ مجھے تحفے میں ہیرے جڑی شیروانی ملی ہےجو کہ درحقیقت مجھے ابھی تک نہیں ملی اور کچھ نے کہا کہ مجھے جہیز میں لگژری گاڑی بینٹلی ملی ہے لیکن وہ بینٹلی کہاں ہے؟ مجھے ابھی تک نہیں پتہ چلا۔
آیوش شرما نے کہا کہ میڈیا نے مجھے دہلی سے تعلق رکھنے والا ایک کاروباری شخص بھی بتایا جس پر میں سوچنے لگا کہ میں تو کسی بھی طرح بزنس مین نہیں ہوں۔
اُنہوں نے بتایا کہ مجھے سمجھ نہیں آیا کہ میرے والد ایک سیاست دان ہیں اور میں ایک محنتی اداکار ہوں تو مجھے بزنس مین کیوں بنادیا گیا اور میری شادی پر لوگوں نے کہا کہ میں نے پیسے اور بالی ووڈ میں انٹری کے لیے ارپیتا سے شادی کی لیکن حقیقت یہ ہے کہ میں ایک سیاسی فیملی سے ہوں میرے پاس سب کچھ ہے اور مجھے کبھی بھی پیسے کی خواہش نہیں رہی ہے۔
آیوش شرما نے بتایا کہ جب میری ارپیتا کے ساتھ شادی طے ہوئی تب میں نے سلمان خان سے کہا تھا کہ میں اداکاری نہیں کرنا چاہتا کیونکہ میں نے 300 آڈیشن دیے لیکن میرا انتخاب نہیں ہوسکا اس لیے مجھے لگتا ہے کہ میں اداکاری نہیں کر سکتا جس پر انہوں نے کہا کہ تمہاری ٹریننگ اچھی نہیں ہوئی اور ساتھ ہی مجھے ٹریننگ کی پیشکش کی۔