سپین میں چارپاکستانیوں کی حادثاتی موت
تحریر:مرزا ندیم بیگ
جو گھر سے دور ہوتے ہیں
بہت مجبور ہوتے ہیں
کبھی باغوں میں سوتے ہیں
کبھی چھپ چھپ کے روتے ہیں
گھروں کو یاد کرتے ہیں
بڑے رنجور کیوں نہ ہوں
بڑے مجبور کیوں نہ ہوں
اوائل میں مہینے کے
سب اپنے خوں پسینے کے
جو پیسے جوڑ لیتے ہیں
گھروں کو بھیج دیتے ہیں
اور اپنے خط میں لکھتے ہیں
ہم اپنا دھیان رکھتے ہیں
بڑی خوش بخت گھڑیاں ہیں
یہاں خوشیاں ہی خوشیاں ہیں
سپین کے صوبے بالنسیا کے شہر بینی فارو دے لاس بائیس کے ایک زرعی علاقے میں بے قابو ٹرک کی زد میں آکرگذشتہ روز سہ پہر تین افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ چوتھا زخمی بھی جاں بحق ہوچکا ہے۔ جاں بحق اور زخمی ہونیوالے تمام ورکرز زراعت کے شعبے سے وابستہ تھے اور سنترےکے باغ میں کام کرنیوالے تھے۔ تین جاں بحق ہونیوالے اور چار افراد زخمیوں کی عمریں 18 سے 54 سال کے درمیان ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق ایک ٹرک ڈھلوان پر تھا اور اس کی ہینڈ بریک لگانے کی کوشش کی گئی مگر ڈرائیور ایسا کرنے میں ناکام رہا کیونکہ بریک فیل ہوچکی تھی اور بغیر کسی کنٹرول کے تقریباً 50 میٹر آگے بڑھا اورٹرک دوگاڑیوں سے ٹکرا گیا۔جس کے نتیجے میں وین میں موجود پاکستانی ورکرز ہلاک اور زخمی ہوگئے ۔ان میں سے ایسے تھےبھی تھے جو جو پہلے ہی دن کام پر آئے تھے اور معاوضے کے طور پر موت لے کر چلے گئے اور بعض زخموں سے چور ہوگئے۔یہ حادثہ چار بجے سہ پہر کو پیش آیااور ورکرز چھٹی کرکے گھروں کو جانے کی تیاری میں تھے۔
تین جان بحق ہونیوالوں میں سے دو نوجوان ارسلان اور فرحان تھے اور ان کی عمریں 22،22 سال ہیں اور انکا تعلق منڈی بہاؤالدین سے ہے اورجاں بحق ہونیوالوں میں سے ایک کی عمر 50 سال ہے اور اس کا نام ارشاد چیمہ ہے اور اس کا تعلق وزیرآباد سے تھاجبکہ چار شدید زخمی تھے۔جاں بحق ہونیوالوں کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ وہ موقع پر ہی اپنی جان کی بازی ہار گئے تھے۔
اطلاع ملتے ہی جائے حادثہ پرفوری طور پر ایک پرائمری کیئر میڈیکل ٹیم ،ایک ہیلی کاپٹرایمبولینس، دوروڈ ایمبولینسیں اور دو بیسک لائف سپورٹ یونٹس پہنچ گئے۔
زخمیوں میں سے ایک کی عمر 45 سال ہے اور اسے ہیلی کاپٹر ایمبولینس کے ذریعے بالینسیا کے لا ،فے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے اور اسکی حالت سیریس ہے مگر اطلاعات ہیں کہ ان کا انتقال ہوگیا ہے۔ ایک اورزخمی کی عمر 54 سال ہے، اور اس کے جسم پرمختلف قسم کے فریکچرز آئے ہیں اور یہ ساگنتواسپتال منتقل کیا گیا۔
ایک اورزخمی جس کی عمر 30 سال ہے اور اس کے سر پر چوٹ لگی ہے، بالنسیا کے کلینکل ہسپتال میں زیرعلاج ہے۔چوتھے زخمی کی عمر صرف 18 سال ہے اور اس کے سر میں بھی چوٹ لگی ہے اوریہ بلا ریال کے لا پلانا ہسپتال میں داخل ہے۔
ٹرک ڈرائیور کا الکحول ٹیسٹ منفی آیا ہے۔
واقعے کی خبر کے بعد جنرلیتات بالینسیانا کے صدر، کارلوس مازون جاں بحق ہونیوالے اور زخمیوں کے اہل خانہ سے دلی اظہار تعزیت کی ہے اوریقین دلایا کہ ہم زخمیوں کی دیکھ بھال کے لیے ہرممکن ذرائع فراہم کریں گے۔
مقامی کونسل نے ہلاک شدگان کے سوگ اور زخمیوں سے اظہار یک جہتی کیلئے یوم سوگ کا اعلان کردیا ہے۔
جو گھر سے دور ہوتے ہیں
بہت مجبور ہوتے ہیں
مگر کچھ بھی نہیں ہوتا
تو کر لیتے ہیں سمجھوتا
کوئی دل میں بلکتا ہے
کوئی پہروں سلگتا ہے
جب اپنا کام کر کے ہم
پلٹتے ہیں تو آنکھیں نم
مکاں ویران ملتا ہے
بہت بے جان ملتا ہے
خوشی معدوم رہتی ہے
فضا مغموم رہتی ہے