منہاج یورپین کونسل کے زیرِاہتمام آنلائن تربیتی نشست اور ورکشاپ کا انعقاد

ڈنمارک(01 ستمبر 2024ء)؛ منہاج یورپین کونسل کے زیرِاہتمام یورپ بھر میں نئے منتخب ہونے والے عہدیداران و زمہ داران کے اعزاز اور انہیں تنظیمی ڈھانچے، نظریات، اور حکمت عملیوں سے روشناس کروانے کے لئے صدر منہاج یورپین کونسل بلال اپل کی زیرِصدارت آنلائن تربیتی نشت کا انعقاد کیا گیا۔ تنظیمی طور پر ایسی تربیتی نشتیں بہت اہمیت کی حامل ہوتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس نشست میں اٹلی، ناروے، ڈنمارک، آسٹریا، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، یونان، نیدرلینڈز، سپین، سویڈن، سویٹزرلینڈ اور پرتگال سمیت یورپ بھر سے 300 سے زائد شرکاء نے رجسٹریشن کرائی۔ ان تربیتی نشستوں کا مقصد جہاں کارکنان کی پیشہ ورانہ اور روحانی تربیت ہوتا ہے، وہیں پہ ان نشستوں میں مختلف موضوعات پر لیکچرز، ورکشاپس، اور سیمینارز منعقد کئے جاتے ہیں۔ تاکہ کارکنان کو تنظیم کے مستقبل

کے منصوبوں اور حکمت عملیوں سے آگاہ کیا جا سکے۔

قاری ولائت خان(ڈنمارک) کی تلاوتِ قرآن پاک اور میاں عمران الحق(جرمنی) کی طرف سے آقائے دوجہاںﷺ کی بارگاہِ اقدس میں نظرانۂ عقیدت پیش کرنے کے بعد علی عمران نے نشست کا آغاز کیا، شرکاء کو تعارف کروایا اور نشست کا مقصد اور ایجنڈا واضع کیا۔

اس تربیتی نشست میں نہ صرف تربیت اور رہنمائی فراہم کی گئی بلکہ شرکاء کی طرف سے بھی تجاویز لی گئیں۔ ان تجاویز کا مقصد تنظیم کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا، موجودہ حکمت عملیوں کو مؤثر بنانا، اور کمیونٹی کی ضروریات کو بہتر طور پر پورا کرنا تھا۔ شرکاء نے مختلف موضوعات پر اپنی آراء پیش کیں، جن میں تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، ممبران کی تربیت کے لئے مزید مواقع فراہم کرنے، اور اسلامی تعلیمات کے فروغ کے لیے جدید اور مؤثر طریقے اختیار کرنے کے حوالے سے تجاویز شامل تھیں۔ ان تجاویز کو تنظیم کی مستقبل کی پالیسیوں میں شامل کرنے پر بھی غور کیا گیا۔

تربیتی نشست میں آئندہ دو سالوں کے لئے اہداف(ٹارگٹس) اور وژن سیٹ کیا گیا، جس کا مقصد تنظیم کی مجموعی بہتری اور اصلاح کے لیے ایک واضح سمت متعین کرنا ہے۔ اس نشست میں مختلف شعبوں کے اہداف کو سامنے رکھتے ہوئے تعلیمی، سماجی، دعوتی، اور فلاحی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے حکمت عملی وضع کی گئی۔ یہ ٹارگٹ تنظیمی صلاحیت کو بڑھانے، اراکین کی تربیت اور انہیں زیادہ فعال بنانے، معاشرے میں مثبت تبدیلیاں لانے کے علاوہ اسلام کے حقیقی پیغام کو یورپ کی عوام تک پہنچانے کے لیے مختلف میڈیا پلیٹ فارمز کا استعمال اور اسلامی تعلیمات کی تبلیغ و اشاعت کے لیے نئے منصوبے بنانے پر مبنی ہے۔ اس میں عالمی سطح پر منہاج القرآن کے اثر و رسوخ کو بڑھانے کے لیے بھی اہداف مقرر کیے گئے، جیسے کہ نئے ممالک میں تنظیم کے دفاتر کا قیام، نئے تعلیمی اداروں کا قیام، اور یورپ بھر میں فلاحی پروجیکٹس کا آغاز جیسا کہ بلڈ ڈونیشن کیمپس، اور غریبوں کی مدد کے لیے مختلف پروگرامز کے علاوہ قدرتی آفات یا کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امداد اور بحالی کے کاموں میں حصہ لینا وغیرہ شامل ہے۔ اس نشست میں نوجوانوں کے لیے خاص طور پر دعوتی اور تربیتی پروگرامز کے انعقاد پہ زور دیا گیا تاکہ نوجوان نسل دین کے ساتھ جڑے رہیں۔

ڈنمارک سے صدر منہاج یورپین کونسل بلال اپل نے اس ورکشاپ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تربیتی پروگرامز تنظیم کی ترقی اور فروغ کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کی کامیابی کا راز اس کے کارکنان کی انتھک محنت اور ان کی بہترین تربیت میں مضمر ہے۔ انہوں نے شرکاء کو نصیحت کی کہ وہ نہ صرف دینی اور تنظیمی علوم میں مہارت حاصل کریں بلکہ اپنے کردار اور اخلاق کو بھی بہتر بنائیں تاکہ وہ منہاج القرآن کے پیغام کو بہترین طریقے سے دوسروں تک پہنچا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اندر اخلاص، محبت، اور خدمت کا جذبہ پیدا کرنا ہوگا تاکہ ہم منہاج القرآن کے مشن کو کامیابی کے ساتھ آگے بڑھا سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ منہاج القرآن کا تنظیمی ڈھانچہ کیسے کام کرتا ہے اور عہدیداران و زمہ داران سے کس طرح کی توقعات رکھی جاتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ورکشاپ کا مقصد تنظیمی کارکنان کی تربیت اور ان کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنا ہے تاکہ وہ منہاج القرآن کے پیغام کو زیادہ موثر انداز میں آگے پہنچا سکیں۔

ناروے سے سیکرٹری جنرل منہاج یورپین کونسل اویس اعجاز کا کہنا تھا کہ یہ آنلائن تربیتی نشستیں اور ورکر کنونشنز منہاج القرآن کے کارکنان کو تنظیم کے مقاصد اور کام کے بارے میں مزید آگاہی دینے کے ساتھ ساتھ انہیں ایک دوسرے کے ساتھ مربوط رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان پروگرامز کے ذریعے کارکنان کو اپنے فرائض کو بہتر طریقے سے نبھانے کی تربیت ملتی ہے اور ان کی تنظیم کے ساتھ وابستگی میں اضافہ ہوتا ہے۔

اس موقع پر خواتین کی نمائندگی کرتے ہوئے اسپین سے بشریٰ ریاض کا شرکاء سے کہنا تھا کہ آپ سب کی محنت، لگن اور جدوجہد نے ہمارے مشن کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ہم سب مل کر خواتین کے حقوق، تعلیم اور فلاح و بہبود کے شعبے میں اہم تبدیلیاں لا سکتے ہیں۔ آپ سب کی توانائی اور عزم کی قدر کرتے ہوئے، آپ سے یہ درخواست ہے کہ اپنے کام کو مزید مستحکم اور موثر بنائیں۔ نئے منصوبوں اور سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کریں اور اپنے خیالات اور تجاویز ہمارے ساتھ شیئر کریں۔ تا کہ مل کر ہم مضبوط اور بہتر مستقبل کی تعمیر کر سکتے ہیں۔

ہالینڈ سے نوجوانوں کی نمائندگی کرتے ہوئے عمر مرزا کا تمام عہدیداران و زمہ داران سے کہنا تھا کہ وہ واضح اور قابلِ حصول مقاصد مقرر کریں تاکہ کارکنان سمیت کمیونٹی کو پتہ ہو کہ آپ کی کوششیں کس مقصد کے لیے ہیں۔ اس کے لئے باقاعدگی سے تربیت اور ورکشاپس کا انعقاد بھی کریں تاکہ کارکنان کی مہارتیں بہتر ہوں اور وہ جدید رجحانات سے واقف رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک ایسا ماحول فراہم کریں جہاں سب افراد اپنی رائے کا آزادانہ اظہار کر سکیں اور ان کی سنوائی ہو۔ نئے اور دلچسپ منصوبے متعارف کرائیں جو کارکنان اور کمیونٹی کو متحرک کریں۔ ٹیم ورک اور باہمی تعاون کو فروغ دیں تاکہ سب مل کر کام کریں اور مشترکہ مقاصد حاصل کریں۔

چار گھنٹے جاری رہنے کے بعد ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء نے صدر منہاج یورپین کونسل اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ منہاج القرآن کی تعلیمات کو عام کرنے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

آخر میں ڈائریکٹر منہاج القرآن فرانس علامہ حسن میر قادری نے پوری دنیا میں مقیم منہاج القرآن کے رفقاء و وابستگان سمیت تمام امتِ مسلمہ بلخصوص پاکستان، فلسطین اور کشمیر کی سلامتی و خوشحالی اور شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمدطاہرالقادری کی صحت، تندرستی اور ان کی لمبی عمر کے لئے دعا فرمائی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے