سید ذوالقرنین شاہ وفیملی کی جانب سے ولادت با سعادت حضرت محمد ﷺ اورحضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے جشن کی تقریب
بارسلونا(دوست نیوز)اتحاد بین المسلمین کے حوالہ سے سید ذوالقرنین شاہ وفیملی کی جانب سے جشن ولادت باسعادت حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم اورحضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی تقریب منعقد ہوئی۔جس میں خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر علامہ ضیغم عباس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ ﷺ رَحمتَ لِّلعالمين ہیں جب مسلمان رسول اللہ ﷺ پر ایمان لاتا ہے اور کلمہ پڑھ کر اپنی نسبت رسول اللہ ﷺ سے قائم کر لیتا ہے تومسلمان کو آپ ﷺ کی “نسبتِ رحمت”منتقل ہوجاتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر مسلمان چونکہ رسول اللہ ﷺ سے ایک رُوحانی، قلبی اور ظاہری رشتہ رکھتا ہے اس لئے اس کے اَندر یہ صفات منتقل ہوجاتی ہیں۔ جس طرح رسول اللہ ﷺ عالَمین کیلئے رحمت ہیں اسی طرح ہر مسلمان کو پوری نوعِ انسانی کیلئے رحمت کا ایک چلتا پھرتا کردار ہونا چاہئے۔علامہ ضیغم عباس نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ فرماتے ہیں”میرا کھانا، میرا پینا، میرا اٹھنا، میرا بیٹھنا، میرا سونا، میرا جاگنا، میرا لڑنا سب کچھ اللہ کیلئے ہیں۔اس موقع معروف نعت خواں قدیر احمد خان ،سعید حیدری،محمد قدیرنے نعتیہ کلام پیش کئے اور عامر رضا نے نقابت کے فرائض سرانجام دئیے۔میزبان سید ذوالقرنین شاہ نےتمام شرکاء کا شکریہ اداکیا اور آخر میں لنگر بھی تقسیم کیاگیا۔