برسلز پارلیمنٹ میں تقریب، پاکستانیوں سمیت 69 افراد کو اعزازات سے نوازا گیا
پاکستانیوں سمیت مختلف قومیتوں کے افراد نے برسلز پارلیمنٹ کا دورہ کیا، یہاں معنقدہ پروگرام میں پاکستانیوں سمیت 69 افراد کو اعزازات سے نوازا گیا۔
دورے کے دوران آنے والے افراد کو بتایا گیا کہ دبئی کے بعد 182 قومیتوں کی موجودگی کے ساتھ یورپین دارالحکومت برسلز دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر کاسمو پولیٹن شہر ہے۔
اس دورے کا اہتمام برسلز کے مرکزی علاقے 1000 کمیون کے پاکستانی نژاد کونسلر ناصر چوہدری نے برسلز پارلیمنٹ کے ممبر حسن کیونچی کے تعاون سے کیا تھا۔
اس موقع پر وفد کے شرکاء کو پارلیمنٹ بلڈنگ، اس میں موجود مختلف تاریخی حصوں اور یہاں ہونے والے پارلیمانی کاموں کو برسلز میں بولی جانے والی دونوں قومی زبانوں کے علاوہ اردو اور انگریزی میں بھی بریف کیا گیا۔
بعدازاں پارلیمنٹ کے مرکزی پارلیمانی ہال میں ‘ہجرت، نئے معاشرے میں انضمام۔ مشکلات اور مواقع’ کے عنوان سے منعقد ہونے والے ایک پروگرام میں پاکستانی، بھارتی اور دوسری قومیتوں کے 69 افراد کو اعزازات سے نوازا گیا۔
تقریب کے اس حصے کی مہمان خصوصی برسلز کیپیٹل ریجن کی حکومت میں سیکریٹری آف اسٹیٹ نوال بن حامو تھیں۔
انہوں نے کونسلر ناصر چوہدری کی جانب سے مقامی سیاست میں مختلف قومیتوں کی شرکت کو یقینی بنانے اور ان کی دعوت پر اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی سمیت دیگر کمیونٹیز کے جن ارکان کو اعزازات دیے گئے، ان میں کشمیر اور پاکستانی کمیونٹی کےلیے خدمات انجام دینے والے مختلف سماجی راہنما، مساجد کے آئمہ کرام، صحافی، اور کاروبار میں اپنا نام بنانے والوں کے علاوہ زندگی کے مختلف شعبوں میں نام پیدا کرنے والے افراد شامل تھے۔
کونسلر ناصر چوہدری نے تقریب کے اس حصے کی اعزازی صدارت اسپیکر کی کرسی پر بیٹھ کر کی۔ جہاں سے انہوں نے تمام اعزاز کنندگان کو پکارا اور ان کے کام پر شرکائے محفل کو مطلع کیا۔ اس تقریب میں سفارت خانہ پاکستان نے بھی ایک سفارتی اہلکار کے ذریعے اپنی نمائندگی کی۔