احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کا اپنی ریٹائرمنٹ تک چھٹیوں کیلئے خط
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اپنی ریٹائرمنٹ تک بیماری کی چھٹیوں کے لیے خط لکھ دیا۔
جج محمد بشیر 14 مارچ 2024ء کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق جج محمد بشیر نے 24 جنوری سے 14 مارچ تک چھٹیوں کے لیے خط لکھا۔
جج محمد بشیر کی جانب سے خط اسلام آباد ہائی کورٹ اور وزارت قانون انصاف کو لکھا گیا، جج کا لکھا گیا خط ہائی کورٹ اور وزارت قانون انصاف کو موصول ہو گیا۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے خط میں کہا ہے کہ طبیعت کی ناسازی کے باعث ڈیوٹی سرانجام نہیں دے سکتا۔
واضح رہے کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ہی العزیزیہ اسٹیل ملز اور ہل میٹل کیس میں سابق وزیرِ اعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو سزائیں سنائی تھیں اور بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ کیس بھی ان کی عدالت میں ہی چل رہا تھا۔
اس کے علاوہ جج محمد بشیر نے سابق صدر آصف علی زرداری، نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ کیس بھی سنا جبکہ سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی ریفرنس اور راجہ پرویز اشرف بھی رینٹل پاور کیس میں جج محمد بشیر کی عدالت میں پیش ہوتے رہے۔