ایسے منصوبے لائیں گے، نوجوان قرضہ لے کر اپنا کاروبار شروع کر سکیں، ہمایوں اختر خان
استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے رہنما ہمایوں اختر خان کا کہنا ہے کہ الیکشن جیتنے کے بعد ایسے منصوبے لائیں گے کہ نوجوان قرضہ لے کر اپنا کاروبار شروع کر سکیں۔
فیصل آباد میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 97 میں ہمایوں اختر خان اور ان کے صاحبزادے قاسم اختر خان کی انتخابی مہم کے دوران مختلف برادریوں اور اہل علاقہ نے ان کی حمایت کا اعلان کیا۔
کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ہمایوں اختر نے کہا کہ انتخابات میں کامیاب ہوکر حلقے کی ترقی کے لیے کام کریں گے، الیکشن جیت کر اس علاقے کے نوجونواں کی مایوسی دور کریں گے۔
ہمایوں اختر خان نے کہا کہ تحصیل تاندلیانوالہ میں بہت بڑا انڈسٹریل زون بنے گا، صحت اور کھیلوں کی سہولتیں عام کریں گے، ایسے منصوبے لائیں گے کہ نوجوان قرضہ لے کر اپنا کاروبار شروع کر سکیں۔
قاسم اختر خان نے بھی كارنر میٹنگز اور اہل علاقہ سے ملاقاتیں کیں۔
قاسم اختر خان کا کہنا تھا کہ این اے 97 کی پسماندگی کی وجہ یہاں کئی دہائیوں سے ایک ہی خاندان کا براجمان رہنا ہے۔