اسرائیل۔فلسطین امن کیلئے کوشش کرنا ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے، جوزپ بوریل
یورپین یونین کی جانب سے فلسطین اور اسرائیل کے درمیان امن کے قیام کیلئے دو ریاستی حل پر مشتمل منصوبے پر یورپین وزرائے خارجہ کا غیر معمولی اجلاس برسلز میں جاری ہے۔
جس میں یورپین یونین کے ممبر ممالک کے تمام وزرائے خارجہ کے علاوہ فلسطین، اسرائیل، سعودی عرب مصر اور اردن کے وزرائے خارجہ بھی شریک ہیں، جبکہ اجلاس میں او آئی سی اور علاقے میں قیام امن کیلئے کام کرنے والے دیگر ممالک کے نمائندگان بھی شامل ہیں۔
اجلاس سے قبل گفتگو کرتے ہوئے یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے کہا کہ ‘اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن کیلئے حل تلاش کرنے کی کوشش کرنا ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی یورپین فارن کونسل کے اجلاس میں پہلے کبھی اتنے غیر معمولی اور اہم مہمان شریک نہیں ہوئے۔ ہم 2 ریاستی حل کی جانب ایک جامع نقطہ نظر پر تبادلہ خیال کریں گے، جو کہ اراکین ریاستوں کو ہم نے پہلے سے پیش کردیا ہے’۔