ایک مرتبہ مینڈیٹ ملے پھر بتائیں گے حکومت چلتی کیسے ہے، حافظ نعیم
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ایک مرتبہ جماعت اسلامی کو مینڈیٹ ملے پھر ہم بتائیں گے حکومت بنتی کیسے ہے اور چلتی کیسے ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ عوامی رائے میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کہیں بھی نہیں ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بھی کچھ علاقوں میں ہے، پیپلز پارٹی بھی مخصوص علاقوں میں ہے۔
انکا کہنا تھا کہ لوگوں کی واضح رائے ہے کہ جماعت اسلامی بکتی نہیں جھکتی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ووٹر بھی پریشان ہے۔ آزاد امیدواروں کےلیے تو بلاول نے فرمادیا کہ آزاد کے ساتھ مل کر حکومت بنائیں گے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی الیکشن میں سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئے گی، ایک مرتبہ جماعت اسلامی کو مینڈیٹ ملے پھر ہم بتائیں گے حکومت بنتی کیسے ہے اور چلتی کیسے ہے۔
انہوں نے کہا کہ دعوے تو کوئی بھی کرسکتا ہے، زمینی حقائق دیکھیں، واضح طور پر نظر آرہا ہے کہ عوامی سروے میں ایم کیو ایم کہیں نہیں۔ ہم نے کراچی کے عوام کے عوامی مسائل اٹھائے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی الیکشن کا اثر بھی اس الیکشن پر پڑے گا، کراچی والوں نے حکومت بنائی، حکومت کو گرایا بھی لیکن شہر کو کیا ملا۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کے پاس جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی چوائس نہیں۔