ہمارا ایک ایجنڈا ہے پارٹی کو ادارہ بنایا جائے، ورکرز کو عزت دیں، اکبر ایس بابر

اکبر ایس بابر : فوٹو فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی رکن اکبر ایس بابر کا کہنا ہے کہ ہمارا ایک ایجنڈا ہے پارٹی کو ادارہ بنایا جائے اور ورکرز کو عزت دیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی پارٹی چیئرمین تھے ان کی جگہ ختم نہیں کی جا سکتی، ہم تمام پارٹی رہنماؤں کو ساتھ لے کر چلنے کا اختیار دیں گے، سیاسی جماعتوں کو جمہوری بنانے کے لیے ہم ایسا کر رہے ہیں۔

اکبر ایس بابر نے کہا کہ الیکشن سے بہتر کیا موقع ہو سکتا یے کہ اسے اجاگر کریں، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہے کہ عوام انٹراپارٹی الیکشن کو جانتے ہیں۔

بانی رکن پی ٹی آئی نے کہا کہ اسلام آباد میں تحریک انصاف کے بانی اراکین قومی کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں پی ٹی آئی کے بانی اراکین اور سعیداللّٰہ خان نیازی بھی شریک ہوئے، سعید اللّٰہ خان نیازی پی ٹی آئی بانی چیئرمین کے ساتھی اور رشتہ دار ہیں۔

اکبر ایس بابر نے کہا کہ سعید اللّٰہ نیازی کے گھر میں پاکستان تحریک انصاف کی بنیاد رکھی گئی، کانفرنس میں اسلم کاکڑ بانی رکن کوئٹہ سے اسلام آباد تشریف لائے، جبکہ لاہور سے انشاء اور ریہام خان شانگلہ سے قومی کانفرنس میں پہنچیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نورین فاروق، ارشد انصاری پارٹی کے دیرینہ کارکن آج اسلام آباد تشریف لائے، جو افراد آج آئے وہ تحریک انصاف میں قربانیاں دینے والے ہیں، آج قومی کانفرنس میں تحریک انصاف کو تباہی سے بچانے پر مشورہ ہوا، تحریک انصاف کے بانی عہدیداروں نے بنیادی اصولوں پر تجدید نو کیا۔

اکبر ایس بابر نے یہ بھی کہا کہ کانفرنس میں تحریک انصاف کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، کانفرنس نے سپریم کورٹ کے حالیہ انٹراپارٹی الیکشن کو تاریخی قرار دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت پارٹی کی رہنمائی سے محروم ہو چکی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے