پنجاب پولیس پیپلز پارٹی کو نشانہ بنا رہی ہے، شیری رحمٰن
پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس پیپلز پارٹی کو نشانہ بنا رہی ہے۔
ایک بیان میں شیری رحمٰن نے کہا کہ این اے 127 لاہور میں پیپلزپارٹی کے نمائندوں کی گرفتاری قابل مذمت ہے، اس حلقے سے بلاول بھٹو زرداری الیکشن لڑ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چند دن پہلے ہمارے الیکشن آفس پر پیٹرول بموں سے حملہ کیا گیا، پنجاب پولیس ہمارے نمائندے اور حمایتی گرفتار کر رہی ہے، پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے شہزاد اور شہباز کو پولیس نے گرفتار کیا۔
شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ ن لیگ سے پیپلز پارٹی میں آنے والی خدیجہ پروین کو بھی کل پنجاب پولیس نے گرفتار کیا، پارٹی عہدیدار نے سی سی پی او سے رابطہ کیا تو انہوں نے غلط زبان استعمال کی۔
پیپلز پارٹی کی رہنما نے کہا کہ شہزاد، شہباز اور خدیجہ پروین کو فوری رہا کیا جائے، ہم الیکشن کمیشن سے پنجاب میں پولیس گردی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔