سید قمر رضا شاہ کے اعزاز میں چوہدری امانت حسین مہر کا عشائیہ،برطانیہ، امریکہ اور بارسلونا کی پاکستانی بزنس مین کمیونٹی کی شرکت

بارسلونا(دوست نیوز) اسپین میں معروف پاکستانی ایوارڈ یافتہ بزنس مین چوہدری امانت حسین مہر ،چوہدری شعیب ورک اورچوہدری اشفاق باغانوالہ کی جانب سے او پی ایف کے چیئرمین سید قمر رضا شاہ کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دیا گیا جس میں پاکستانی کمیونٹی کے نمایاں بزنس مین شخصیات نے شرکت کی ان کے علاوہ برطانیہ امریکہ سے چوہدری مسرت چھوکر، چوہدری ساجد تارڑ، ظہیر احمد مہر،ملک نعیم پرنس،ڈاکٹر فہد نے شرکت کی۔

عشائیہ میں میزبان تقریب چوہدری امانت حسین مہر نے سید قمر شاہ کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔اس موقع پر ان کے ہمراہ قونصل جنرل مراد علی وزیر اور چوہدری مسرت چھوکر بھی موجود ہیں

عشائیہ تقریب سے قونصل جنرل مراد علی وزیر، محمد اقبال چوہدری ،چوہدری مسرت چھوکر، چوہدری ساجد تارڑ، ظہیر احمد مہر،فیض اللہ ساہی اور چوہدری امانت حسین مہر نےخطاب کیا۔

سید قمر رضا شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے اپنی تمام تر توانیاں صرف کروں گا انہوں نے کہا کہ میں نے آپ لوگوں سے تین ماہ کا وقت لیا ہے ان شاء اللہ تین ماہ بعد آپ کے پاس آؤں گا اور کہوں گا کہ کمیونٹی کو بلائیں تاکہ بتا سکیں کہ ہم نے اپنے وعدے پورے کردئیے ہیں ،انہوں نے کہا کہ اختلافی آوازوں سے گھبراتے ہیں ہیں بلکہ انہیں کوئی اہمیت نہیں دیتے جب آپ کسی منصب پر ہوتے ہیں تو اس طرح کی آوازیں اٹھتی رہتی ہیں ان کی طرف توجہ کرکے اپنی توانائی اور وقت ضائع نہ کریں

سید قمررضا شاہ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے آپریشن بنیان مرصوس کی تعریف کی اور کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان کی شان بڑھی ہے اور یہ کامیابی اللہ تعالی کی جانب سے تھی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی قیادت میں پاکستان آگے بڑھ رہا ہے جس میں آپ لوگوں کا بھی بڑا حصہ ہے۔

محمد اقبال چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی کہا جاتا ہے لیکن اس ریڑھ کی ہڈی کے ساتھ اچھا سلوک نہیں ہوتا۔اربوں روپے بھیجنے والے اوورسیز اور عوام پاکستان کے مالک ہیں لیکن ان کے ملازم مالک بنے ہوئے ہیں

چوہدری امانت حسین مہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں سید قمررضا شاہ،چوہدری مسرت چھوکر،چوہدری ساجد تارڑ ،ظہیراحمد مہر اور تمام معزز مہمانوں کا مشکور ہوں جو آج میرے گھر تشریف لائے ہیں اور مجھے عزت بخشی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسپین کی ایک مقامی ائیر کمپنی سے ہماری بات تقریبا مکمل ہوگئی ہے جو بارسلونا سے لاہور کے لئے چارٹر فلائیٹ چلا رہی ہے اور اس پر میری قونصل جنرل اور سفیر محترم سے بھی مشاورت ہوئی ہے ،انہوں نے کہا کہ سید قمررضا شاہ دنیا بھر میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کے پاکستان میں سفیر ہیں اور ہمیں ململ یقین ہے کہ ان کے آنے سے ہمارے مسائل میں نمایاں کمی ہوگی

قونصل جنرل مراد علی وزیر نے کہا کہ بارسلونا میں بسنے والے پاکستانی مہمان نواز اور محبت کرنے والے ہیں انہوں نے کہا کہ آپس کا اتحاد اور اتفاق آپ لوگوں کو آگے لے جا سکتا ہے اگر آپ لوگوں میں اتحاد کا مظاہرہ کریں تو کوئی مشکل نہیں کہ آپ کے مسائل حل نہ ہوں انہوں نے کہا کہ میں اور قونصل خانہ کا تمام عملہ آپ لوگوں کی خدمت کے لئے موجود ہے اور ہماری اولین کوشش رہی ہے کہ کوئی پاکستانی دکھ اور تکلیف میں نہ ہو
