پی پی کا ناظم آباد واقعے کی تحقیقات سندھ ہائیکورٹ سے کروانے کا مطالبہ

سعید غنی: فوٹو فائل

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما سعید غنی نے گزشتہ رات ہونے والے ایم کیو ایم اور پی پی پی کے تصادم کے واقعے کی تحقیقات سندھ ہائیکورٹ سے کرواانے کا مطالبہ کردیا۔ 

جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ کے کسی جج سے واقعے کی تحقیقات کروالیں، اگر واقعے کی ذمہ داری پیپلز پارٹی پر آتی ہے تو سزا ہمیں ملنی چاہیے، اگر واقعے میں ایم کیو ایم ملوث ہے تو انہیں سزا ملنی چاہیے۔

سعید غنی نے کہا کہ ہر جماعت کو کسی بھی حلقے میں الیکشن لڑنے کی اجازت ہے۔ پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی، جماعت اسلامی سینٹرل میں کام کر رہی ہیں۔ پچھلے 10 سے 12 دنوں میں کئی واقعات ہوئے جس میں ایم کیو ایم کے لوگ ملوث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات ہونے والے واقعے کے بعد پیپلز پارٹی کے جھنڈے، بینرز اتارے جارہے ہیں۔ گلستان جوہر میں پارٹی میٹنگ کے دوران ان کے لوگوں نے بدمعاشی کی، سینٹرل کے علاقے میں بھی ہماری پارٹی کے جھنڈے اتارے گئے، نارتھ ناظم آباد میں ایم کیو ایم والوں نے ہمارے دفتر پر حملہ کیا۔

سعید غنی نے مزید کہا کہ جب ہم نے ایف آئی آر درج کروائی تو ہمارے مدعی کے خلاف انہوں نے ایف آئی آر کروا دی۔  میں کچھ کہوں اور مصطفیٰ کمال کچھ کہیں نتیجہ نہیں نکلے گا۔

پی پی پی رہنما نے یہ بھی کہا کہ ایم کیو ایم کی ویڈیو میں نظر آنے والے لوگ ان کے اپنے ہیں، جس جماعت کی پوزیشن اچھی ہوتی ہے تو وہ جھگڑا نہیں کرتی، کراچی کے الیکشن نتائج میں ایم کیو ایم کی پوزیشن بہت بری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے