مالاگا/ پاکستانی ایسوسی ایشن مالاگا کی جانب سے مسجد و اسلامک سینٹر کے لیے منعقدہ فنڈ ریزنگ پروگرام انتہائی کامیاب رہا۔ اس بابرکت تقریب میں دو نمایاں شخصیات نے خصوصی طور پر شرکت فرمائی۔ ان میں مفتی عبدالمجید ندیم شامل تھے، جو انگلینڈ سے خصوصی طور پر تشریف لائے۔ آپ نے درسِ نظامی کی دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ چار ایم اے کی ڈگریاں بھی حاصل کی ہوئی ہیں۔ دوسری اہم شخصیت پاکستان کے معروف اداکار افتخار ٹھاکر تھے، جنہوں نے اپنی شرکت سے اس تقریب کو رونق بخشی۔

اہلِ مالاگا بالخصوص پاکستانی کمیونٹی خراجِ تحسین کی مستحق ہے کہ یہاں پاکستانی کمیونٹی کی تعداد بارسلونا اور ویلنسیا کے مقابلے میں کم ہونے کے باوجود لوگوں نے اپنی استطاعت کے مطابق دل کھول کر عطیات دیے اور اس عظیم مقصد میں بھرپور حصہ لیا۔ مسجد کے لیے خریدی گئی جگہ کی ادائیگی کے سلسلے میں 4 لاکھ 32 ہزار یورو کی خطیر رقم جمع ہونا انتہائی خوش آئند ہے۔

یہ صرف ایک عمارت کی تعمیر کا منصوبہ نہیں، بلکہ ہماری آنے والی نسلوں کے ایمان، دینی تربیت اور اسلامی شناخت کو محفوظ رکھنے کی ایک قابلِ قدر کوشش ہے۔ مسجد اور اسلامک سینٹر ہماری نئی نسل کے لیے قرآن و سنت کی تعلیم، اسلامی تربیت، باہمی اتحاد اور دینی و اخلاقی رہنمائی کا مرکز بن سکتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ تمام عطیہ دینے والوں، منتظمین، مفتی عبدالمجید ندیم ، افتخار ٹھاکر اور اس منصوبے میں کسی بھی طرح تعاون کرنے والے تمام احباب کو بہترین اجر عطا فرمائے۔ ان کے رزق، جان و مال اور اولاد میں برکت دے، ان کی خدمات کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور اس مسجد و اسلامک سینٹر کو سب کے لیے صدقۂ جاریہ بنائے۔ آمین یا رب العالمین۔

مالاگا کی پاکستانی کمیونٹی نے ثابت کیا ہے کہ جب نیت نیک، مقصد مقدس اور ارادے مضبوط ہوں تو تعداد کم ہونے کے باوجود بڑے سے بڑا کام ممکن بنایا جا سکتا ہے۔
