نیدرلینڈز میں حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی نژاد کامران کی تدفین کردی گئی
نیدرلینڈز کے شہر روٹرڈیم میں عمارت کے ملبے تلے دب کر ہلاک ہونے والے پاکستانی نژاد کامران خان کی تدفین کردی گئی۔
گزشتہ پیر کو کنسٹرکشن کے شعبے سے وابستہ کامران خان اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ اپنے دفتر میں موجود تھے کہ اچانک ایک زوردار دھماکا ہوا تھا اور آگ لگنے کے ساتھ ہی پورا دفتر زمین بوس ہوگیا تھا۔
فائر بریگیڈ نے آگ پر تو قابو پالیا تھا لیکن وہ دفتر میں موجود کامران خان اور ان کے ساتھیوں کی لاشیں عمارت کے مزید حصے گرنے کے خوف سے تلاش نہیں کر سکے تھے۔
واقعے کے 4 دن گزرنے کے بعد لواحقین نے پولیس کی اجازت کے بغیر ہی اپنی مدد آپ کے تحت عمارت کے ملبے سے اپنے پیاروں کی لاشیں نکال لیں جس کے بعد جامع مسجد غوثیہ میں کامران خان کی نمازِ جنازہ کے بعد مقامی قبرستان میں ان کی تدفین کر دی گئی۔
نمازِ جنازہ میں نیدرلینڈز میں پاکستان کے سفیر سلجوق مستنصر تارڑ اور بیلجیئم سے علی رضا سید کی قیادت میں جانے والے وفد سمیت سیکڑوں مقامی افراد نے شرکت کی۔
مرحوم نیدرلینڈز کے معروف صحافی منصور عالم اور معروف عالم دین علامہ احمد رضا کے برادر نسبتی تھے۔
پولیس اور فائر بریگیڈ کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ گیس لیکج کے باعث پیش آیا تھا۔
جنازے کے دوران بات کرنے والے مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حادثے کے بعد تلاش میں تاخیر ہونے کی وجوہات کی انکوائری کی جائے۔